پیرس۔ ہندوستان نے84کھلاڑیوں کا ایک مضبوط دستہ بھیجا ہے جن سے وہ چہارشنبہ کو شروع ہونے والے پیرا اولمپک گیمزکے لیے ریکارڈ میڈل جیتنے کی امید رکھتا ہے۔ ہندوستان نے 2021 میں ٹوکیو پیرا اولمپکس میں ریکارڈ 19 میڈلس جیتے تھے، جن میں پانچ گولڈ میڈلس بھی شامل تھے اور مجموعی درجہ بندی میں 24 ویں نمبر پر تھا۔ اس کے تین سال بعد ہندوستان کا مقصد گولڈ میڈلس کی تعداد کو دوہرے ہندسوں تک لے جانا اور مجموعی طور پر 25 سے زیادہ میڈلس جیتنا ہے۔ ہندوستان نے یہ ہدف مقررکیا ہے کیونکہ اس بار اس کا سب سے بڑا دستہ ان کھیلوں میں حصہ لے گا۔ اس کے علاوہ ہندوستانی کھلاڑیوں نے حال ہی میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرکے توقعات میں اضافہ کیا ہے۔ ہندوستان نے گزشتہ سال ہانگژو ایشین پیرا گیمز میں 29 گولڈ میڈلس سمیت ریکارڈ 111 میڈلس جیتے تھے۔ اس کے بعد ہندوستان نے مئی میں ورلڈ پیرا ایتھلیٹکس چمپئن شپ میں نصف درجن گولڈ میڈل سمیت 17 میڈلس جیتے تھے۔ ایشین گیمز میں میڈلس جیتنے والے بہت سے کھلاڑی پیرا اولمپک ٹیم میں شامل ہیں۔ ان میں عالمی ریکارڈ رکھنے والے جیولن پھینکنے والے سمیت اینٹیل اور رائفل شوٹر اونی لیکھارا (10 میٹر ایئر رائفل اسٹینڈنگ ) جیسے سرفہرست ستارے شامل ہیں۔ یہ دونوں ٹوکیو گولڈ میڈل کے دفاع کے لیے میدان میں آئیں گے۔