ہندوستان کو کسی کا آنکھ دکھانا منظور نہیں:راجناتھ سنگھ

   

فوج ہر طرح کے چیلنج کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے ۔وزیر دفاع کا خطاب

نئی دہلی/لہیہ : وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے آج چین کا نام لئے بغیر کہا کہ ہند وستان امن کے حق میں ہے اور کبھی کسی پر حملہ نہیں کرتا لیکن اسے کسی کا آنکھ دکھانا منظور نہیں ہے اور اس کی فوج ہر طرح کے چیلنج کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے ۔فوج کے سربراہ منوج مکند نروانے کے ساتھ لیہ اور لداخ کے تین دن کے دورہ پر گئے راجناتھ سنگھ نے پیر کو لداخ کے کارو آرمی اسٹیشن کی 14ویں کور کے حکام اور جوانوں سے بات کی۔بعد میں انہیں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے گزشتہ برس چینی فوجیوں کے ساتھ پرتشدد تصادم میں شہید ہوئے ملک کے فوجیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ میں سب سے پہلے ان تمام جوانوں کو سلام کرتا ہوں جنہوں نے جون 2020میں ‘گلوان وادی’ میں ملک کے لئے اپنی جان کی قربانی دی۔ میں یہ بھی کہنا چاہتا ہوں کہ ملک ان کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گا۔ انہوں نے فوج کی طرف سے اس دوران دکھائی گئی بہادری کی تعریف کی اور کہاکہ ملک کو اس پر فخر ہے ۔وزیر دفاع نے کہاکہ ہندوستان پڑوسی ممالک کے ساتھ بات چیت کے ذریعہ مسائل کا حل نکالنے کی خواہش رکھتا ہے لیکن ملک کی حفاظت کے ساتھ کسی بھی قیمت پر سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ ہم عالمی امن کے پجاری ہیں۔ ہم ہتھیار بھی اٹھاتے ہیں تو امن کے قیام کے لئے ۔ ہندوستان نے آج تک کسی بھی ملک پر نہ تو حملہ کیا ہے نہ ہی کسی بھی ملک کی ایک انچ زمین پر ہم نے قبضہ کیا ہے ۔ پڑوسی ممالک کے ساتھ بات چیت کے ذریعہ مسائل کا حل نکالنے کی کوشش کی جانی چاہئے ۔ ہم نہ تو کسی کو آنکھ دکھانا چاہتے ہیں نہ کسی کا آنکھ دکھانا منظور ہے ۔ ہماری فوج میں ہر چیلنج کا منہ توڑ جوا ب دینے کی صلاحیت ہے ۔مسلح افواج کو حکومت کی طرف سے ہر ممکن حمایت کا یقین دلاتے ہوئے انہوں نے کہاکہ حکومت کا ویژن ہے کہ فوج کا مضبوط ہونا ضروری ہے جس سے وہ کسی بھی صورتحال کا سامنا کرنے کے لے ہمیشہ تیار رہ سکے ۔