وزیراعظم نریندر مودی کو خواب غفلت سے بیدار ہونا پڑے گا، کانگریس لیڈر راہول گاندھی کی حکومت پر تنقید
نئی دہلی ۔ 17 ۔ مارچ (سیاست ڈاٹ کام) معاشی سونامی کے ہندوستان میں آنے کا تذکرہ کرتے ہوئے کانگریس قائد راہول گاندھی نے کہا ہے کہ ہندوستان کو صرف کورونا وائرس کے خلاف ہی تیار رہنا ہے بلکہ معاشی سونامی کے خلاف بھی خود کو تیار رکھنا ہے کیونکہ اس سے کروڑہا افراد متاثر ہوں گے ۔ راہول گاندھی نے ہندوستان کی معاشی صورتحال کے ضمن میں وزیراعظم نریندر مودی کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے اور کہا ہے کہ انہیں خواب غفلت سے جاگنا ہوگا تاکہ جو مسائل ہندوستان کو درپیش ہے، انہیں ختم کیا جاسکے ۔ راہول گاندھی نے پارلیمنٹ کے باہر میڈیا کے نمائندوں سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کی معیشت تباہ ہوجائے گی اور ملک میں معاشی سونامی دستک دے رہی ہے۔ راہول گاندھی نے ہندوستان میں معاشی صورتحال کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کو معاشی سونامی کے آنے سے پہلے ہی خود کو تیار رکھنا ہوگا جیسا کہ انڈومان نکوبار میں مچھیروں کو سمندر میں سونامی کا جیسا خطرہ ہوتا ہے ، ویسے ہی اس وقت ہندوستان کو معاشی سونامی کا خطرہ ہے۔ راہول گاندھی نے مزید کہا ہے کہ پانی ہندوستان کی طرف آگے بڑھ رہا ہے اور میں حکومت کو انتباہ دے رہا ہوں کہ ملک میں معاشی سونامی آنے والی ہے اور میں مسلسل یہ کہہ رہا ہوں لیکن کوئی سننے کو تیار نہیں۔ معذرت خواہی کے ساتھ میں یہ کہنا چاہتا ہوں کہ آئندہ 6 ماہ کے دوران عوام کو مشکل ترین صورتحال کا سامنا رہے گا ۔ ہندوستان کو اس وقت معاشی سونامی کا سامنا ہے جس کی وجہ سے ملک کی معیشت کافی نقصان اٹھائے گی جس کا اثر کروڑہا ہندوستانیوں کے زندگیوں پر ہوگا۔ راہول گاندھی نے مودی کے سرمایہ کاروں سے سوال کیا ہے کہ ہندوستان میں جی ڈی پی کی ترقی 5.3 فیصد ہوچکی ہے اور رواں برس اس میں مزید مایوس کن نتائج کا خدشہ ہے۔ راہول گاندھی نے یہ بھی کہا ہے کہ وہ اس بات کی پرواہ نہیں کرتے کہ بیرونی افراد کیا چاہتے ہیں لیکن وہ اس بات سے بخوبی واقف ہیں کہ ہماری طاقت کیا ہے ، یہ حکومت اور اس کے بھکت مودی کو ایک مسیحا تصور کرتے ہیں اور انہیں امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی صف میں کھڑا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں ان دونوں میں موازنہ کرنا نہیں چاہتا بلکہ میں وزیراعظم کو یہ کہنا چاہتا ہوں کہ وہ خواب غفلت سے بیدار ہوں اور اپنی منصوبہ بندی کو صحیح سمت گامزن کریں۔ نیند سے جاگتے ہوئے وہ اطر اف جو حالات ہورہے ہیں، ان کا جائزہ لیں۔ انہوں نے مودی سے یہ بھی کہا کہ ہندوستان اور ہندوستانی عوام آپ کی طرف دیکھ رہے ہیں لہٰذا آپ خوف سے باہر نکلتے ہوئے ملک کو معاشی سونامی سے محفوظ رکھنے کے اقدامات کریں۔
