میٹ مونگانموئی ۔ 11 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) دورہ نیوزی لینڈ پر ٹوئنٹی 20 سیریز میں میزبان ٹیم کو 5-0 سے شکست دینے کے بعد ونڈے سیریز میں ہندوستان کیلئے نتائج بالکل برعکس ہوئے کیونکہ اسے 3 مقابلوں کی سیریز میں 3-0 کی شکست برداشت کرنی پڑی جوکہ 1989ء کے بعد نیوزی لینڈ میں ہندوستان کی بدترین شکست ہے جبکہ دنیا کے نمبر ایک بیٹسمین ویراٹ کوہلی 3 مقابلوں میں صرف 75 رنز ہی اسکور کر پائے۔ علاوہ ازیں اس سے کہیں تشویش کا پہلو نمبر ایک فاسٹ بولر جسپریت بمرا کو سیریز کے تین مقابلوں میں ایک بھی وکٹ نہیں مل پائی ہے جس کی وجہ سے ہندوستان کو 23 برسوں میں بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ اس سے قبل ویسٹ انڈیز کے خلاف اسے 3 یا اس سے زائد مقابلوں کی باہمی سیریز میں 5-0 کی شکست برداشت کرنی پڑی تھی۔ ہندوستان نے حالانکہ ونڈے سیریز کا شاندار آغاز کیا تھا اور پہلے مقابلہ میں 347 رنز کا ہمالیائی اسکور بنایا تھا لیکن راس ٹیلر کی شاندار سنچری نے اس نشانہ کو حاصل کرنے میں کلیدی رول ادا کیا جبکہ آکلینڈ میں ہندوستانی ٹیم 274 رنز کا تعاقب نہیں کر پائی۔ تیسرے مقابلہ میں بھی ہندوستانی ٹیم 297 رنز کا دفاع نہیں کرپائی۔ اس مقابلہ میں بھی ہندوستانی بولروں کو ابتدائی 10 اوورس میں کوئی وکٹ نہیں مل پائی اور نیوزی لینڈ کے اوپنروں مارٹن گپل اور ہینری نکولاس نے 106 رنز بنائے۔
