دبئی۔ ایشیائی چمپئن شپ کے موجودہ فاتح ہندوستانی باکسر امت پنگھل اور چھ مرتبہ کی عالمی چمپئن ایم سی میری کام سمیت سات ہندوستانی باکسرز2021 اے ایس بی سی ایشیائی خواتین اور مرد باکسنگ چمپئن شپ کے اپنے اپنے وزن کے زمرے کے فائنل میں گولڈ میڈل جیتنے کے ارادے سے اتوار اور پیر کے روزرنگ میں اتریں گے ۔ خواتین کا فائنل اتوارکو اور مرد کا فائنل پیر کے دن کھیلے جائیں گے ۔ ہندوستان اب تک اس چمپئن شپ میں 15 میڈل محفوظ کرچکا ہے جس میں کم از کم سات سلور میڈلس شامل ہیں۔ یہ اس چمپئن شپ میں ہندوستانی دستے کی اب تک کی سب سے بہترین کارکردگی ہے ۔ بنکاک میں 2019 میں منعقدہ ایڈیشن سے ہندوستان نے جملہ 13 میڈلس حاصل کئے تھے جس میں دو گولڈ، چار سلور اور سات برونز میڈلس تھے ۔ ہندوستان تیسرے مقام پر رہا تھا۔ موجودہ ایشیائی کھیل چمپئن اور ٹاپ سیڈ پنگھل کا مقابلہ فائنل میں موجودہ اولمپک اور عالمی چیمپئن ازبکستان کے کھلاڑی سے ہوگا۔ سال2019 میں بھی دونوں کھلاڑی آمنے سامنے تھے ۔ 64 کلوگرام کے سیمی فائنل میں ایشیائی چمپئن شپ میں پانچویں میڈل پر قبضہ جما چکے شیوا تھاپا کا سامنا ٹاپ سیڈ تاجکستان کے بی عثمان ووف سے ہوا۔دریں اثنا دوسری سیڈ سنجیت (91) کا مقابلہ فائنل میں پانچ مرتبہ کی ایشین چمپیئن شپ میڈل فاتح اور ریو اولمپک کے سلور میڈل فاتح ویسلی لیوٹ سے مقابلہ ہوگا۔ دوسری سیڈ سنجیت نے سیمی فائنل میں ازبکستان کے کھلاڑی کو 5-0 سے شکست دی۔خواتین کے زمرے میں چھ مرتبہ کی عالمی چمپیئن ایم سی میری کوم) (51کلوگرام اور تین مزید ہندوستانی خواتین باکسر پوجا رانی (75کلوگرام) ، انوپما (+81 کلوگرام) اور لالبتساہی 64) کلوگرام) نے فائنل میں جگہ بنالی۔ فائنل میں میری کوم کا مقابلہ قازقستان کی ناظم کزابے سے ہوگا ، جبکہ لالبتساہی کا مقابلہ قازقستان کی میلانہ سفرانوا سے ہوگا ، پوجا کا مقابلہ ازبکستان کی مولووالا موالوونوفا سے ہوگا اور انوپما کا مقابلہ قازقستان کی لززت کنزیبایوا سے ہوگا۔انٹرنیشنل باکسنگ اسوسی ایشن (اے آئی بی اے ) نے ایشیاء میں ہونے والے اس ممتاز ایونٹ کے لئے چار لاکھ چار ہزار امریکی ڈالر کی رقم مختص کی ہے ۔ مردوں اور خواتین کے زمرے میں گولڈ میڈل جیتنے والوں کو 10000 امریکی ڈالر ، جبکہ سلور اورکانسی کے میڈل جیتنے والوں کو بالترتیب 5000 اور2500 امریکی ڈالر دیئے جائیں گے ۔ہندوستان بھر کے باکسنگ شائیقن کی نظریں پنگھل اور میری کوم پر مرکوز ہیں کیونکہ نہ صرف دونوں کا ریکارڈ شاندار ہے بلکہ دونوں فام میں بھی ہیں۔