آکلینڈ 25 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) نیوزی لینڈ کے لیگ اسپنر ایش سودھی کا ماننا ہے کہ طاقتور ہندوستانی بیاٹنگ شعبہ کے خلاف نیوزی لینڈ کو مزید جارحانہ بولنگ کی ضرورت ہے تاکہ وہ رواں 5 مقابلوں کی ٹوئنٹی 20 سیریز میں واپسی کرسکیں۔ ہندوستانی ٹیم نے پہلے ٹی 20 مقابلہ میں 204 رنز کا کامیاب تعاقب کرتے ہوئے سیریز میں 1-0 کی سبقت حاصل کرلی ہے۔ گزشتہ مقابلہ میں جس طرح ہندوستانی ٹیم نے ہمالیائی اسکور کا کامیاب تعاقب کیا ہے، اُس کے بعد نیوزی لینڈ کے بولروں پر دباؤ بڑھ گیا ہے۔ سودھی نے کہا ہے کہ ہم نے بورڈ پر 200 رنز کا اسکور درج کیا اور اگر ہم مزید جارحانہ بولنگ نہیں کرتے ہیں تو ہندوستانی بیاٹنگ شعبہ اِسے اِسی طرح حاصل کرلے گا۔ سودھی نے مزید کہاکہ ہم نے بہتر رنز تو بنائے لیکن وکٹ حاصل کرنے کے چند ایک مواقع گنوائے ہیں۔ سودھی نے مزید کہاکہ آپ کو یہ دیکھنا ضروری ہے کہ مقابلہ کس طرح آگے بڑھ رہا ہے لیکن بیٹسمین کے بعد دوسرے بیٹسمین اور بولر کے دوسرے بولر کے لئے حکمت عملی مختلف ہونی چاہئے۔ سودھی کے بموجب ہندوستانی ٹیم میں 5 سے 6 عالمی معیار کے بیٹسمین ہیں اور اِن کے خلاف بولنگ کرنا آسان نہیں ہوتا۔ سودھی جنھوں نے پہلے مقابلہ میں 36 رنز کے عوض دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ، اِن کا ماننا ہے کہ دوسرے مقابلہ میں بھی ہمالیائی اسکور ہوگا۔
