ہندوستان کیخلاف زمبابوے ٹیم میں پاکستانی پائیلٹ بھی شامل

   

ہرارے ۔ ٹی20 ورلڈ کپ 2024 کا خطاب جیتنے کے بعد ہندوستانی ٹیم اب اپنے اگلی منزل کے لئے نکل پڑی ہے۔ ہندوستانی ٹیم کو زمبابوے میں5 میچوں کی ٹی20 سیریز کھیلنی ہے۔ یہ سلسلہ 6 جولائی کو شروع ہونے جا رہا ہے۔ اس سیریز کے لیے زمبابوے نے اپنی ٹیم کا اعلان کردیا ہے ۔زمبابوے نے پاکستانی نژاد کھلاڑی کو بھی اپنی ٹیم میں شامل کیا ہے ۔ یہ کھلاڑی اس وقت بہت اچھی فارم میں ہے اور آنے والی ٹی20 سیریز میں ہندوستانی ٹیم کے لیے بڑا خطرہ ثابت ہو سکتا ہے۔ سکندر رضا ہندوستان کے خلاف کھیلی جانے والی اس ٹی ٹوئنٹی سیریز میں زمبابوے کی کمان سنبھالیں گے۔ اس کے ساتھ ہی جس کھلاڑی کا سب سے زیادہ چرچا ہو رہا ہے ان کا نام انتم نقوی ہے۔ 25 سالہ انتم نقوی کو پہلی بار زمبابوے ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ وہ دائیں ہاتھ کے آف اسپنر اور دائیں ہاتھ کے بیٹر کے طور پر کھیلتا ہے۔ نقوی نے حال ہی میں ڈومیسٹک کرکٹ میں اپنی کارکردگی کی وجہ سے کافی سرخیاں بنائیں ہیں۔ ان کا پاکستان سے بھی خاص تعلق ہے۔ 25 سالہ انتم نقوی برسلز، بیلجیم میں پیدا ہوئے۔ ان کے والدین کا تعلق پاکستان سے ہے۔ جب وہ چار سال کے تھے تو ان کا خاندان آسٹریلیا چلا گیا۔ انہوں نے اپنی تعلیم سڈنی میں مکمل کی۔ وہ ایک پائلٹ بھی ہیں لیکن انہوں نے بین الاقوامی کرکٹ میں زمبابوے کی نمائندگی کرنے کا فیصلہ کیا اور وہاں کی شہریت کے لیے درخواست دی۔ نقوی ڈومیسٹک کرکٹ میں مڈ ویسٹ رائنوزکے لیے کھیلتے ہیں۔ انتم نقوی نے اپنے ڈومیسٹک کیریئر میں اب تک 10 فرسٹ کلاس میچز، 7 ٹی20 اور 8 لسٹ اے میچز کھیلے ہیں۔ انہوں نے فرسٹ کلاس میچوں میں 72.00 کی اوسط سے 792 رنز بنائے ہیں جس میں 4 سنچریاں شامل ہیں۔ ان کے لسٹ اے میں 73.42 کی اوسط سے 514 رنز ہیں اور ٹی ٹوئنٹی میں138 رنز بنا چکے ہیں۔ انہوں نے یہ رنز ٹی20 میں 146.80 کے اسٹرائیک ریٹ سے بنائے ہیں۔ نقوی فرسٹ کلاس کرکٹ میں ٹرپل سنچری بھی بنا چکے ہیں۔ زمبابوے کی ڈومیسٹک کرکٹ کی تاریخ میں یہ پہلی ٹرپل سنچری تھی۔ علاوہ ازیں ہندوستان کے خلاف ٹوئنٹی20 سیریز کے لیے زمبابوے کی ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے: سکندر رضا (کپتان)، فراز اکرم ، بینیٹ برائن، کیمبل جوناتھن، چتارا ٹینڈائی، جونگوے لیوک، کائیا انوسنٹ، میڈندے کلائیو، مدھویر ویسلے، مارومانی تادیواناشے، مساکڈزا ویلنگٹن، ماوتا برینڈن، مزاربانی بلیسنگ، مائیرس ریچارڈم، نِقْوِرِدْو شمبا ملٹن اور انتم نقوی ۔