لندن، 30 جون (سیاست ڈاٹ کام) گزشتہ رنر اپ نیوزی لینڈ کو عالمی کپ میچ میں 86 رنز سے شکست دینے کے بعد آسٹریلیا کے فاسٹ بولر مچل اسٹارک نے کہا ہے کہ ٹیم نے ہندستان کے خلاف شکست سے سبق لے کر اپنی کارکردگی کو بہتر کیا تھا جس کی وجہ سے انہیں ٹورنامنٹ میں کامیابی حاصل ہوئی ہے ۔نیوزی لینڈ کے خلاف میچ میں ا سٹارک نے 26 رن دے کر پانچ وکٹ لئے تھے جس کی بدولت گزشتہ چمپئن آسٹریلیا نے نیوزی لینڈ کو اہم میچ میں شکست دی۔ اگرچہ آسٹریلیا پہلے ہی عالمی کپ کے سیمی فائنل میں جگہ بنا چکا ہے جبکہ نیوزی لینڈ کو سیمی فائنل میں پہنچنے کے لئے اپنا اگلا مقابلہ ہر حال میں جیتنا ہوگا۔اس سے پہلے نیوزی لینڈ کے خلاف آسٹریلیا کی شروعات اچھی نہیں رہی تھی لیکن عثمان خواجہ (88) اورا یلیکس کیری (71) کی نصف سنچری اننگز کی بدولت آسٹریلیا 243 رنز کے قابل مقابلہ اسکور بنانے میں کامیاب رہا تھا۔ اس کے بعد اسٹارک نے خطرناک گیند بازی کرتے ہوئے پانچ وکٹ حاصل کئے اور نیوزی لینڈ کا سیمی فائنل میں پہنچنے کا انتظار طویل کر دیا۔