سڈنی ۔آسٹریلیا کرکٹ ٹیم کے کوچ جسٹن لانگر نے کہا ہے کہ ہندوستان کیخلاف سیریز میں فقرے بازی کی کوئی گنجائش نہیں۔ایک کانفرنس کال کے دوران جسٹن لانگر نے کہا کہ کرکٹ سیریز کے دوران سخت جملوں کے استعمال کو بالکل بھی برداشت نہیں کریں گے۔ انکی ٹیم ماضی کے اس برتاؤ سے سے آگے نکل چکی ہے۔ کھیل میں تفریح ،ہنسی مذاق کی گنجائش ہے پر غیراخلاقی زبان کے استعمال کی بالکل نہیں۔آسٹریلیا کرکٹ ٹیم کے کوچ نے مزید کہا کہ ماضی میں انکی ٹیم کھیل کے دوران سخت جملوں کا استعمال کرنے کی وجہ سے بدنام تھی لیکن اب ایسا نہیں ہے۔ آسٹریلیا اور ہندوستان کے مقابلوں میں شائقین کو زبردست تفریح فراہم کریں گے۔آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیم کے جارحانہ اوپنر ڈیوڈ وارنر نے ہندوستان کے خلاف کرکٹ سیریز میں اپنے منصوبہ کے اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر میچز کے دوران ہندوستانی کھلاڑیوں نے ان سے چھیڑ چھاڑ کی یا جملے کسے تو وہ اس کا جواب غصے سے نہیں بلکہ اپنی کارکردگی سے دیں گے۔ ماضی میں کئی مرتبہ آسٹریلیا اور ہندوستان کے کھلاڑیوں کے درمیان غصے کا اظہار اور سخت جملوں کا تبادلہ ہوچکا ہے۔