ہندوستان کیخلاف فیرگوسن فرق پیدا کریں گے : کوچ

   

مانچسٹر ۔ 8 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے کوچ گیری اسٹیڈ نے ان عزائم کا اظہار کیا ہیکہ فاسٹ بولر لوکی فیرگوسن بہترین موقف میں ہے اور وہ ہندوستان کے خلاف کل سیمی فائنل میں نہ صرف شرکت کریں گے بلکہ مقابلہ میں فرق بھی پیدا کریں گے۔ فیرگوسن جوکہ نیوزی لینڈ کیلئے ٹورنمنٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے بولر بنے ہیں لیکن چیسٹرلی اسٹریٹ میں انگلینڈ کے خلاف منعقدہ مقابلہ میں عضلات میں جکڑن کی وجہ سے شرکت نہیں کر پائے تھے۔ کوچ نے امید ظاہر کی ہیکہ انہیں یقین ہیکہ فیرگوسن سیمی فائنل میں شرکت کیلئے صدفیصد دستیاب رہیں گے کیونکہ گذشتہ مقابلہ میں انہیں احتیاطی طور پر آخری مقابلہ میں شریک نہیں کیا گیا تھا۔ 28 سالہ فیرگوسن نے ٹورنمنٹ میں تاحال 17 وکٹیں حاصل کی ہیں اور وہ اس طرح ٹورنمنٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے بولروں کی فہرست میں مشترکہ تیسرے مقام پر فائز ہیں۔