آکلینڈ۔ 8 فروری (سیاست ڈاٹ کام) نیوزی لینڈ نے ٹوئنٹی 20 سیریز میں شرمناک شکست کو پس پشت ڈالتے ہوئے ونڈے سیریز میں ہندوستان کو شکست دی ہے جیسا کہ آج یہاں کھیلے گئے دوسرے مقابلے میں ہندوستانی ٹیم کو ناقص اسٹروکس کھیلنے کا خمیازہ 22 رنز کی شکست کی شکل میں برداشت کرنا پڑا۔ ہندوستانی ٹیم جوکہ سیریز بچانے کیلئے 273 رنز کا تعاقب کررہی تھی، وہ 48.3 اوورس میں 251 رنز پر ڈھیر ہوگئی جس کی بدولت نیوزی لینڈ نے تین مقابلوں کی سیریز میں 2-0 کی سبقت حاصل کرلی ہے۔ اس کامیابی کے ذریعہ نیوزی لینڈ نے ونڈے فتوحات میں ہندوستان کے خلاف ہیٹ ٹرک کرلی ہے جیسا کہ اس نے گزشتہ برس مانچسٹر میں کھیلے گئے ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں بھی کامیابی حاصل کی تھی۔ نیوزی لینڈ کے لئے یہ مقابلہ 6 فیٹ 8 انچ طویل قامت کے فاسٹ بولر کے کائل جمیسن کیلئے یادگار رہا جیسا کہ انہوں نے پہلے بیٹنگ میں 24 گیندوں میں 25 رنز کی قیمتی اننگز کھیلی اور بولنگ کے وقت پہلے ہی اوور میں پارتھیو شاہ کو بولڈ کرنے کے علاوہ 42 رنز کے عوض 2 وکٹیں حاصل کرنے کا بولنگ مظاہرہ کیا۔ جمیسن کو اس آل راؤنڈ مظاہرہ پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ ہندوستان جو ایک موقع پر 153/7 کی نازک صورتحال سے دوچار تھا اور ایک واضح شکست نظر آرہی تھی لیکن اس موقع پر رویندر جڈیجہ (55)، نودیپ سائنی (45) کے درمیان 8 ویں وکٹ کیلئے 76 رنز کی پارٹنرشپ نے ہندوستان کی امیدوں کو روشن کردیا تھا ۔ قبل ازیں راس ٹیلر کے ناقابل تسخیر 73 اور اوپنر گپٹل کے 79 رنز کی بدولت نیوزی لینڈ نے 273 رنز اسکور کئے۔
