ہندوستان کیخلاف ٹوئنٹی 20، کلوسنر معاون بیٹنگ کوچ

   

جوہانسبرگ ۔ 23 اگست (سیاست ڈاٹ کام) اپنے دور کے جارحانہ اور خطرناک آل راونڈر لانس کلوسنر کو ہندوستان کے خلاف ستمبر میں منعقد شدنی تین مقابلوں کی ٹوئنٹی 20 سیریز کیلئے جنوبی افریقی ٹیم کا معاون بیٹنگ کوچ مقرر کیا گیا ہے۔ کرکٹ ساوتھ افریقہ (سی ایس اے) نے اعلان کیا ہیکہ لانس کوسنر کے علاوہ سابق فاسٹ بولر وین سینٹ بارنس بولنگ شعبہ میں معاون مشیر ہوں گے جبکہ فیلڈنگ کے شعبہ میں انوچ نکوی کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔ جنوبی افریقہ کے نئے نظام کے تحت تین ڈائرکٹر نے اپنے تین معاون عہدیداروں کا انتخاب کیا ہے جوکہ اپنے اپنے شعبہ میں شاندار ریکارڈ اور صلاحیتوں کے حامل ہیں۔ بورڈ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہیکہ سابق آل راونڈر کلوسنر جوکہ اپنے دور میں انتہائی برق رفتار بیٹنگ اور جارحانہ انداز کیلئے مشہور تھے، انہیں ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلئے تیز ترین کرکٹ کی مناسبت سے بیٹنگ کوچ کے معاون عہدہ پر انتخاب عمل میں آیا ہے۔ کلوسنر جنہیں اپنے وقت کا ایک بہترین آل راونڈر تصور کیا جاتا ہے جنہوں نے ٹسٹ میں 1906 اور 80 وکٹیں حاصل کی ہیں جبکہ ونڈے میں ان کا ریکارڈ مزید بہتر ہیں جس میں انہوں نے 3576 رنز اور 192 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ 2016ء میں انہوں نے گھریلو کرکٹ ٹیم ہالی ووڈ بیٹس ڈالفنٹس کی 2012ء تا 2016ء کوچنگ کی ذمہ داری نبھائی جس کے بعد انہیں زمبابوے کی قومی ٹیم کا بھی کوچ بنایا گیا۔ سی ایس اے کے کارگذار ڈائرکٹر کوری وین زیل نے اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کلوسنر دنیا کے بہترین آل راونڈ میں شامل تھے اور خاص کرکہ سفید گیند کی کرکٹ میں وہ ایک جارحانہ آل راونڈر تصور کئے جاتے رہے ہیں جنہوں نے تنہا نہ صرف کئی عالمی معیار کے بولروں کے خلاف شاندار مظاہرے کئے بلکہ ٹیم کی ناقابل یقین فتوحات میں کلیدی کردار ادا کیا تھا۔