پیرس ۔ پیرس اولمپکس 2024 میں ہندوستان کے 117 کھلاڑی حصہ لیں گے۔ یہ گیمز 26 جولائی کو شروع ہونے جا رہے ہیں۔ ساتھ ہی دنیا کے 10 ہزار سے زائد کھلاڑی اولمپکس 2024 میں شرکت کریں گے۔ اولمپک کی تاریخ کی بات کریں تو ہندوستان کے نام اب تک جملہ 35 میڈلس ہیں۔میڈلس کے معاملے میں ہندوستان کی بہترین کارکردگی ٹوکیو2020 میں تھی جہاں ٹیم نے ایک گولڈ سمیت جملہ سات میڈلس جیتے تھے۔ اولمپک میڈل جیتنا ہر ہندوستانی کھلاڑی کا خواب ہوتا ہے۔ ایک ہندوستانی کھلاڑی نے لگاتار دو بار اولمپک میڈل جیتنے کا کارنامہ انجام دیا ہے لیکن وہ اس وقت سلاخوں کے پیچھے ہیں۔ پہلوان سشیل کمار ہندوستانی ریسلنگ کا ایک بڑا نام ہے۔ سشیل کمارکو لگاتار دو اولمپکس میں میڈلس جیتنے والے پہلے ہندوستانی بننے کا اعزاز حاصل تھا۔ اپنی کامیابی سے سشیل ملک کے نوجوان
پہلوانوں کے لیے رول ماڈل بنے۔ 2008 کے بیجنگ اولمپکس میں برونز اور2012 کے لندن اولمپکس میں سلور میڈل جیتنے والے سشیل کمار آج جیل کی سلاخوں کے پیچھے ہیں۔ ان پر نوجوان پہلوان ساگر دھنکھر کے قتل کا الزام ہے۔ جس کی وجہ سے ان کا اسپورٹس کیریئر مکمل طور پر تباہ ہوگیا۔ اولمپیئن سشیل کمار پہلوان ساگر دھنکر کے قتل کے الزام میں جیل میں ہیں۔ ساگر دھنکرکا 4 مئی 2021 کو دہلی کے چھترسال اسٹیڈیم میں قتل کردیا گیا تھا۔ سشیل کمارکو پولیس نے 23 مئی کوگرفتارکیا تھا۔ اس نے ساگر کے قتل کا الزام بھی قبول کر لیا ہے۔ خیال کیا جاتا ہے کہ 2012 کے اولمپکس میں سلور میڈل جیتنے کے بعد کامیابی نے سشیل کو زیرکر لیا تھا اور ایسا لگ رہا تھا کہ وہ برائیوں کی دلدل میں دھنسنے لگے ہیں۔