نئی دہلی۔25 ڈسمبر( سیاست ڈاٹ کام )کپتان وراٹ کوہلی کی قیادت اور شاندار بیٹنگ سے ہندستان نے سال 2019 میں اپنا پرچم بلند رکھا اور تینوں فارمیٹ میں کامیابی حاصل کی لیکن اس کامیابی کے درمیان انگلینڈ میں منعقد ونڈے ورلڈ کپ میں سیمی فائنل سے باہر ہونا ایک تلخ تجربہ ہے۔ہندستان نے پورے سال ٹسٹ، ونڈے اور ٹی 20 میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور ذاتی کامیابیوں کے ساتھ ٹیم کے طور پر بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا لیکن ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ کے خلاف شکست کی چبھن سال کے آخر تک رہی۔ کپتان وراٹ کوہلی کے ساتھ محدود فارمیٹ کے نائب کپتان روہت شرما نے سال کے آخر میں اعتراف کیا کہ پورے سال بہترین کرکٹ کھیلنے کے بعد ورلڈ کپ کے وہ 30 منٹ انہیں تکلیف دیتے رہے جہاں میچ ہندستان کے ہاتھ سے نکل گیا۔ جون جولائی میں منعقدہ ورلڈ کپ میں ہندوستان کو ٹورنمنٹ شروع ہونے سے پہلے ہی خطاب کا مضبوط دعویدار مانا جا رہا تھا اور سیمی فائنل میں داخلے تک تمام اعداد وشمار ہندوستان کے حق میں تھے لیکن سیمی فائنل میں ہندوستانی اننگز کے دوران 30 منٹ کے کھیل میں ہندوستان کی امیدیں چکنا چور ہو گئیں۔ بارش کی وجہ سے ہندوستان کا نیوزی لینڈ کے خلاف سیمی فائنل دو دن تک چلا جس میں ہندوستان کو 18 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ہندوستان کو 240 رنز کا ہدف ملا جو ہندوستانی بیٹسمینوں خاص طور پر ٹورنمنٹ میں پانچ سنچری بنا چکے روہت کی فارم کو دیکھتے ہوئے زیادہ مشکل نہیں تھا لیکن اس کے بعد جو ہوا اس کے ساتھ ہی ہندوستان کی ورلڈ کپ مہم مایوس کن طور پر ختم ہوگئی۔ کوہلی اور روہت نے سال بھر ٹیم کی کارکردگی پر نظر ڈالتے ہوئے کہاکہ 2019 ہندوستانی کرکٹ کے بہترین سال میں سے ایک رہا ہے۔ ورلڈ کپ کے اس 30 منٹ کو چھوڑ دیا جائے تو ہمارے لئے یہ ایک شاندار سال رہا۔ ہندوستان نے اس سال 8 ٹسٹ میچوں میں سات جیتے اور ایک ڈرا رہا۔ ہندوستان ٹسٹ میچوں میں اپنے اس کارکردگی سے آئی سی سی ٹسٹ چمپئن شپ میں 360 پوائنٹس کے ساتھ سب سے آگے ہے جبکہ آسٹریلیا 216 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ ہندوستان نے ونڈے میں 28 میچ کھیلے جس میں سے اس نے 19 جیتے، 8 ہارے اور ایک میں کوئی نتیجہ نہیں نکلا۔ ٹی 20 میں ہندستان نے 16 میچوں میں نو جیتے اور سات ہارے۔ ہندوستانی ٹیم نے آسٹریلیا دورے کا آخری میچ سال کے اوائل میں کھیلا جبکہ اس سیریز کے پہلے تین میچ دسمبر 2018 میں کھیلے گئے تھے۔ ہندوستان نے یہ سیریز 2-1 سے جیت کر آسٹریلیا میں پہلی مرتبہ ٹسٹ سیریز جیتنے کی تاریخ رقم کی۔ ہندوستان نے ورلڈکپ کے بعد ویسٹ انڈیز میں ٹسٹ سیریز 2-0 سے جیتی جبکہ جنوبی افریقہ کے خلاف تین میچوں کی ہوم سیریز میں اس نے جنوبی افریقہ کو 3-0 سے کلین سویپ کر دیا۔ بنگلہ دیش کو 2-0 سے شکست دی۔ ونڈے میں ہندوستان نے آسٹریلیا کو 2-1 سے اور نیوزی لینڈ کو 4-1 سے شکست دی لیکن آسٹریلیا کے خلاف ہوم سیریز میں ہندوستان کو 2-3 سے شکست ملی۔ ورلڈ کپ کے بعد ہندستان نے ویسٹ انڈیز میں تین میچوں کی سیریز 2-0 سے اور ویسٹ انڈیز سے تین میچوں کی ہوم سیریز 2-1 سے جیتی۔ٹی 20 میں ہندوستان کو نیوزی لینڈ سے 1-2 سے اور آسٹریلیا سے 0-2 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا لیکن ٹیم نے ویسٹ انڈیز کو 3-0 سے شکست دی، جنوبی افریقہ سے 1-1 سے سیریز برابر کھیلی، بنگلہ دیش کو 2-1 سے شکست دی اور ویسٹ انڈیز کو 2-1 سے شکست دی۔ہندوستان نے آئی سی سی رینکنگ میں سال کی تکمیل ٹسٹ میں نمبر ایک، ونڈے میں نمبر دو اور ٹی 20 میں پانچویں مقام کے ساتھ کی تھی۔