ٹوکیو : اولمپک کا شاندار آغاز کرنے والی بھوانی دیوی کو فینسنگ کے دوسرے مقابلے میں شکست برداشت کرنی پڑی جس کے بعد ان کی اولمپک مہم کا اختتام ہوا۔ 27 سالہ بھوانی جوکہ ہندوستان سے اولمپک میں شرکت کرنے والی پہلی فینسر (تلوار باز) بنی تھیں، جنھوں نے اولمپک کا آغاز تینوشیا کی نادیا بین عزیزی کے خلاف کامیابی کے ذریعہ کیا تھا لیکن دوسرے مقابلے میں انھیں عالمی نمبر تین اور ریو اولمپک کی سیمی فائنلسٹ مانون برونیٹ کے خلاف 7-15 کی شکست برداشت کرنی پڑی۔ بھوانی نے پہلے مقابلے میں عزیزی کے خلاف 15-3 کی کامیابی حاصل کرتے ہوئے ہندوستانی امیدوں کو کافی بلند کیا تھا لیکن دوسرے مقابلے میں انھیں فرانسیسی کھلاڑی کے خلاف ایک آسان شکست قبول کرنی پڑی۔ عزیزی کے خلاف بھوانی کا مظاہرہ کافی جارحانہ تھا لیکن فرانسیسی کھلاڑی مانون نے اپنے تمام تر تجربے کو بروئے کار لاتے ہوئے ہندوستانی کھلاڑی کو مقابلے میں سبقت بنانے کا موقع نہیں دیا۔ حریف کھلاڑی کے تجربہ کار ہونے کا اندازہ اِس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ ہندوستانی کھلاڑی ابتدائی دو وقفوں کے دوران صرف فی کس ایک ایک نشان ہی حاصل کرپائیں۔ حالانکہ انھوں نے تیسرے وقفے میں بہتر واپسی کی تھی۔ مانون کے مظاہروں میں تیزی اور بہتر تکنیک واضح طور پر دکھائی دے رہی تھی۔ تیسرے اور آخری مرحلہ میں بھوانی 2-8 سے پیچھے ہوگئی تھیں اور انھیں کامیابی حاصل کرنے کے لئے کرشماتی مظاہرے کی ضرورت تھی لیکن حریف کھلاڑی نے بغیر کسی پریشانی کے یہ مقابلہ 9 منٹ اور 48 سیکنڈ میں اپنے نام کرلیا۔ افتتاحی مقابلے میں چینائی سے تعلق رکھنے والی بھوانی حریف عزیزی کے خلاف کافی شاندار کھلاڑی ثابت ہوئیں۔ جیسا کہ انھوں نے مقابلے کے ابتدائی 3 منٹوں میں حریف کھلاڑی کو ایک بھی نشان حاصل کرنے نہیں دیا اور ابتدائی مرحلہ میں ہی 8-0 کی سبقت حاصل کرلی تھی۔