ہندوستان کیلئے پروازوں پر سعودی کی جزوی رعایت

,

   

سعودی کیلئے انڈین فلائیٹس پر عارضی پابندی برقرار، کورونا سے بچاؤ کیلئے اقدام

نئی دہلی : سعودی عرب نے ہندوستان کے اپنی پروازوں پر پابندی کے فوری بعد آج اس میں جزوی طور پر رعایتوں کا اعلان کیا ہے۔ سعودی عرب نے ہندوستان کیلئے مسافرین کی پرواز کے منظورہ شیڈول کی اجازت دی ہے تاہم ہندوستان سے سعودی عرب کے لئے آنے والے مسافرین پر عارضی معطلی برقرار رہے گی۔ چہارشنبہ کو رات دیر گئے ایرانڈیا نے بتایا کہ وندے بھارت مشن کے تحت سعودی عرب سے ہندوستان آنے والی پروازوں میں مسافروں کو لانے کا سلسلہ جاری رہے گا لیکن ہندوستان سے سعودی عرب کیلئے مسافروں کو نہیں لے جایا جائے گا۔ سعودی عرب سے ہندوستان کیلئے پروازوں کی جزوی رعایت کا سعودی جنرل اتھاریٹی آف سیول ایوئیشن نے منگل کو اعلان کیا کہ سعودی عرب نے کورونا وائرس کی وباء کے پیش نظر ہندوستان، برازیل اور ارجنٹینا سے پروازوں کی آمدورفت پر معطلی کا اعلان کیا تھا۔ ہندوستان میں یومیہ کورونا وائرس کے تقریباً ایک ہزار مریضوں کا اضافہ ہورہا ہے جس کی وجہ سے سفری پابندیاں عائد کی جارہی ہیں۔ سعودی عرب کی جانب سے جزوی رعایتوں کے باوجود ایرلائینز کو تشویش ہے کہ دیگر ممالک بھی اسی طرح کی ہندوستان پر پابندی عائد نہ کردیں۔ 20 ستمبر کو ہانگ کانگ نے ایرانڈیا سے کہا تھا کہ دو ہفتوں یعنی 3 اکتوبر تک اپنی فلائیٹس نہ چلائیں کیونکہ ہندوستان سے ہانگ کانگ آنے والے بیشتر مسافرین کورونا پازیٹیو پائے گئے۔ گزشتہ ماہ بھی ہانگ کانگ نے ایرانڈیا کی فلائیٹس کو دو ہفتوں کیلئے روک دیا تھا کیونکہ 14 اگست کو دہلی سے ہانگ کانگ پہنچنے والے 11 مسافرین کورونا پازیٹیو پائے گئے تھے۔ کیتھے پیسیفک نے بھی کورونا وباء کے دوران ہندوستان سے اپنی پروازیں بند کردی ہیں۔ دبئی ایویئیشن اتھاریٹیز نے بھی گزشتہ ہفتہ 15 دنوں کیلئے ایرانڈیا ایکسپریس آپریشنس کو معطل کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ ایرانڈیا ایکسپریس کی جانب سے معذرت خواہی اور دوبارہ اس کا اعادہ نہ ہونے کے تیقن پر دبئی سیول ایوئیشن اتھاریٹی نے معطلی برخاست کردی تھی۔ مختلف ممالک میں کورونا وائرس کی وباء پر قابو پانے کیلئے سخت اقدامات کئے جارہے ہیں۔