ہندوستان کی آج انڈونیشیا کیخلاف بڑی کامیابی پر نظریں

   

جکارتہ۔ دفاعی چمپئن ہندوستان کو جمعرات کو دوسرے پول اے میچ میں جاپان کی پاکستان پر کامیابی کے لیے دعا کرنی ہوگی اور خود اسے ایشیا کپ مردوں کے ہاکی ٹورنمنٹ میں ناک آؤٹ مرحلے میں پہنچنے کے لیے انڈونیشیا کو بڑے فرق سے شکست دینی ہے۔ ہندوستان کا کام اب صرف اپنے میچ جیتنے سے نہیں ہوگا۔ اس کیلئے اسے جاپان اور پاکستان کے میچ کے نتیجے کا بھی انتظارکرنا ہوگا۔ ہندوستان پول اے میں جاپان (چھ پوائنٹس) اور پاکستان (چار پوائنٹس) کے پیچھے تیسرے نمبر پر ہے۔ ہندوستان کو پہلے میچ میں پاکستان کے خلاف آخری لمحات میں ایک گول دینے کے بعد مقابلہ-1 1 سے ڈرا کھیلنا پڑا تھا ۔ اس کے بعد جاپان نے ہندوستان کو 5۔ 2 سے شکست دی اب ہندوستان کے سامنے انڈونیشیا کو بڑے فرق سے شکست دینے کا چیلنج ہے۔ اس کے ساتھ دوسرے میچ میں جاپان کی پاکستان کے خلاف فتح بھی ضروری ہے۔ ہندوستان کا گول اوسط منفی تین ہے جبکہ پاکستان کا مثبت13 ہے۔ صرف اس صورت میں جب پاکستان جاپان سے ہارتا ہے اور ہندوستان گول اوسط کے فرق کو ختم کرکے انڈونیشیا کو ہرا دیتا ہے، اسے سوپر فور میں جگہ ملے گی۔