ملبورن ۔ 18 جنوری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) ویراٹ کوہلی کی زیرقیادت ہندوستانی ٹیم ایسی پہلی ٹیم ہونے کا اعزاز حاصل کرلیا ہے جس نے دورۂ آسٹریلیا پر کسی بھی سیریز میں شکست برداشت نہیں کی جیسا کہ اُس نے پہلے ٹوئنٹی 20 سیریز کو 1-1 سے برابر کیا اور پھر ٹسٹ سیریز کو 2-1 سے اپنے نام کیا اور آج یہاں کھیلے گئے تین مقابلوں کی سیریز کے فیصلہ کن ونڈے میں 7 وکٹوں کی کامیابی حاصل کرتے ہوئے ونڈے سیریز بھی 2-1 سے اپنے نام کرلی ۔ سیریز میں متواتر تیسری نصف سنچری بناتے ہوئے مہندر سنگھ دھونی نے پھر ایک مرتبہ ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ہندوستان کو کامیابی دلوائی ، حالانکہ کامیابی کیلئے مطلوبہ نشانہ 231 رنز بہت آسان دکھائی دے رہا تھا لیکن ہندوستانی بیٹسمینوں نے اسے 49.2 اوور میں 234/3 کی شکل میں حاصل کیا۔ مین آف دی سیریز کا اعزاز حاصل کرنے والے دھونی نے اس میچ میں بھی نصف سنچری اسکور کی ۔ سابق کپتان نے 114 گیندوں میں 6 چوکوں کی مدد سے ناقابل تسخیر 87 رنز بنانے کے علاوہ کیدار جئے دیو کے ساتھ چوتھی وکٹ کیلئے 121 رنز کی غیرمفتوح پارٹنرشپ نبھائی جس میں کیدار نے 57 گیندوں میں 61 رنز اسکور کرتے ہوئے نشانہ کو اُس وقت آسان بنایا جب ہندوستان کو فی اوور 6 سے زائد کی اوسط سے رنز بنانے کی ضرورت تھی ۔ جوابی اننگز میں روہت شرما 17 گیندوں میں ایک چوکے کی مدد سے 9 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ دھون بھی 46 گیندوں میں بغیر کسی باؤنڈری کے 23 رنز بنائے ۔ ویراٹ کوہلی 62 گیندوں میں تین چوکوں کی مدد سے 46 رنز بنانے میں کامیاب رہے ۔ آسٹریلیا کیلئے رچرڈسن ، پیٹرسیڈل اور مارک اسٹونس فی کس ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہے ۔ پیٹر سیڈل جوکہ ایک عرصہ کے بعد ونڈے ٹیم میں واپسی کی تھی لیکن انھوں نے 9 اوورس میں 56 رنز اور اسٹونس نے 60رنز کے عوض ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا ۔ قبل ازیں ہندوستان نے ٹاس جیت کر آسٹریلیا کو بیٹنگ کیلئے مدعو کیا جسے سیریز میں پہلا مقابلہ کھیلنے والے یوزویندر چہل نے اپنی قہرانگیز بولنگ کے ذریعہ صحیح ثابت کیا ۔ ملبورن کرکٹ گراؤنڈ پر چہل نے کسی بھی بولر اور خاص کر کہ اسپنر کی جانب سے شاندار بولنگ کا نیا ریکارڈ قائم کیاہے ۔ چہل نے 10 اوورس میں 42 رنز دیکر 6 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ بھوبنیشور کمار نے 8 اوورس میں 28 رنز اور محمد سمیع نے 9.4 اوورس میں 47 رنز کے عوض فی کس دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی ۔ آسٹریلیائی ٹیم کیلئے ہینڈس کامب نے 63 گیندوں میں دو چوکوں کی مدد سے 58 رنز بنائے جبکہ عثمان خواجہ نے 34، شان مارش نے 39 اور میکس ویل نے 26 رنز کی اننگز کھیلی ۔ چہل کو ان کی شاندار بولنگ پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ آسٹریلیا کے کامیاب دورہ کے بعد اب ہندوستانی ٹیم نیوزی لینڈ کے خلاف پانچ ونڈے مقابلو ں کی سیریز کا23 جنوری (چہارشنبہ) کو آغاز کریگی۔