لندن، 8 جون (آئی اے این ایس(۔شوبمن گل کی قیادت میں ہندوستانی ٹسٹ ٹیم نے انگلینڈ پہنچنے کے فوراً بعد سخت ٹریننگ سیشنز کا آغاز کر دیا، جس کے ساتھ ہی وہ پانچ ٹسٹ میچوں کی سیریز کی تیاریوں میں مصروف ہو گئے۔ یہ سیریزآئی سی سی ورلڈ ٹسٹ چمپئن شپ (ڈبلیو ٹی سی) کے آئندہ سائیکل کا آغاز بھی ہے۔ یہ سیریز ہندوستانی ٹسٹ کرکٹ کے ایک نئے دور کا آغاز بھی ہے، کیونکہ روہت شرما اور ویراٹ کوہلی کی سبکدوشی کے بعد ٹیم میں بڑی تبدیلی آئی ہے۔ ہندوستان کی کوشش ہے کہ وہ 2007 کے بعد پہلی بار انگلینڈ میں ٹسٹ سیریز جیتے۔ بی سی سی آئی نے سوشل میڈیا پر ٹیم انڈیا کی ٹریننگ کا ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کیپشن دیا: “انگلینڈ میں ٹیم انڈیا کی تیاریوں کی پہلی جھلک۔ویڈیو میں ٹیم انڈیا کے فاسٹ بولرس جسپریت بمراہ، پرسدھ کرشنا، محمد سراج اور ارشدیپ سنگھ کو نئے کپتان شوبمن گل، تجربہ کار آل راؤنڈر رویندر جڈیجہ اور رشبھ پنت کے ساتھ سخت ٹریننگ میں مشغول دیکھا گیا۔ تمام کھلاڑی ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر اور ان کے کوچنگ اسٹاف کی نگرانی میں لارڈز انڈور کرکٹ سینٹر میں مشق کر رہے تھے۔ پانچ میچوں کی یہ سیریز 20 جون کو لیڈز میں شروع ہوگی، اس کے بعد دوسرا ٹسٹ برمنگھم میں کھیلا جائے گا۔ تیسرا ٹسٹ 10 جولائی سے لارڈز کرکٹ گراؤنڈ میں ہوگا، جبکہ چوتھے اور پانچویں ٹسٹ میچ بالترتیب اولڈ ٹریفورڈ اور کیننگٹن اوول میں ہوں گے۔روہت شرما کی ٹسٹ سبکدوشی کے بعد شوبمن گل کو ہندوستان کا 37 واں ٹسٹ کپتان مقرر کیا گیا ہے۔ وہ ہندوستان کے لیے اوپنر اور نمبر تین کے بیٹر کے طور پر کھیل چکے ہیں۔ اب تک کھیلے گئے 32 ٹسٹ میچوں میں گل نے 35.1 کی اوسط سے 1893 رنز بنائے ہیں، جن میں پانچ سنچریاں اور سات نصف سنچریاں شامل ہیں۔
انگلینڈ کے دورہ کیلئے ہندوستانی ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے:شوبمن گل (کپتان)، رشبھ پنت (نائب کپتان و وکٹ کیپر)، یشسوی جیسوال، کے ایل راہول، سائی سدھرشن، ابھیمنیو ایشورَن، کرن نائر، نتیش ریڈی، رویندر جڈیجہ، دھروو جریئل (وکٹ کیپر)، واشنگٹن سندر، شاردل ٹھاکر، جسپریت بمراہ، محمد سراج، پرسدھ کرشنا، آکاش دیپ اورارشدیپ سنگھ، کلدیپ یادو۔