انٹرنیشنل ایئر رائفل چمپئن شپ…………
ہندوستان کی ایلاوینل کو گولڈمیڈیل ، تشار کو چاندی کا تمغہ
نئی دہلی : دنیا کی نمبر ون شوٹر ہندوستان کی ایلاوینل ویلاریوان نے اتوار کے روز شیخ رسل انٹرنیشنل ایئر رائفل چمپئن شپ میں طلائی تمغہ جیتا جبکہ ہندوستان کے ہی شاہو تشار مانے نے چاندی کا تمغہ جیتا۔بنگلہ دیش شوٹنگ اسپورٹس فیڈریشن کے زیر اہتمام شیخ رسل انٹرنیشنل ایئر رائفل چمپئن شپ 2020 کا انعقاد کیا گیا۔ ایلاوینل کو 1000 ڈالر انعام کی رقم اور تشار کو 700 ڈالر دیئے گئے ۔اس چمپئن شپ میں چھ ممالک کے شوٹرز نے حصہ لیا۔ 60 شاٹ کے مقابلے میں ایلاوینل نے 627.5 کے اسکور کے ساتھ سونے کا تمغہ جیتا جبکہ جاپان کی شیری ہیرات نے 622.6 کے اسکور کے ساتھ چاندی کا تمغہ جیتا اور انڈونیشیا کی ودیا ٹیوبا نے 621.1 کے اسکور کے ساتھ کانسے کا تمغہ جیتا۔مردوں کے زمرہ میں جاپان کے نویا اوکاڈا نے 630.9 کے اسکور کے ساتھ سونے کا تمغہ جیتا ، ہندوستان کے تشار نے 623.8 کے اسکور کے ساتھ چاندی کا تمغہ جیتا اور بنگلہ دیش کے باقی عبد اللہ ہیل نے 617.3 کے اسکور کے ساتھ کانسی کا تمغہ جیتا۔مقابلہ میں حصہ لینے والے دوسرے دو ممالک کوریا اور بھوٹان تھے ۔