314 بلین ڈالرس سے تجاوز کرجانے کا امکان : مرکزی معتمد تجارت
حیدرآباد 4 فبروری ( پی ٹی آئی ) جاریہ اقتصادی سال کے دوران امکان ہے کہ ملک کی برآمدات سابقہ ریکارڈ 314 بلین ڈالرس کو بھی پار کرجائیں گی۔ 2013-14 میں یہ ریکارڈ قائم ہوا تھا ۔ مرکزی معتمد تجارت انوپ وادھوان نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے یہ بات بتائی اور کہا کہ اس سال ہمیں یقین ہے کہ سابقہ ریکارڈ کو پیچھے چھوڑنے میں کامیاب ہوجائیں گے ۔ ماضی میں 2013-14 میں یہ ریکارڈ قائم ہوا تھا اور ہم اس بار اس نشانہ کو بھی پار کر جائیں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ ماضی کا 314 بلین ڈالرس کا ریکارڈ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر انتہائی چیلنجنگ صورتحال کے باوجود ہندوستان کی برآمدات میں اضافہ ہو رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں انتہائی نامساعد حالات چل رہے ہیں۔ پٹرولیم اشیا کی قیمتوں میں کمی آ رہی ہے اور ہماری برآمدات کا 15 فیصد حصہ پٹرولیم مصونعات کا ہی ہے ۔ اس کے باوجود ہم اس سال سابقہ ریکارڈ کو پیچھے چھوڑنے جا رہے ہیں۔ مسٹر وادھوان نے بتایا کہ گذشتہ تین سال کے دوران بھی عموما برآمدات میں اضافہ ہی درج کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جب 2008-09 میں بھی معاشی بحران جیسی صورتحال تھی ہم نے برآمدات کے معاملہ میں اچھی کارکردگی دکھائی تھی ۔ کئی ممالک میں معیشت کو بحران کا سامنا تھا لیکن ہندوستان نے ان حالات کے باوجود اچھی پیشرفت کی تھی ۔