خواتین کے عزائم نے وکست بھارت کی تعمیر کو استحکام فراہم کیا : وزیراعظم مودی
نئی دہلی، 8 مارچ (یو این آئی) وزیراعظم نریندر مودی نے بین الاقوامی یومِ خواتین کے موقع پر قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ہندوستان کی ناری شکتی کی قوت، عزم اور کامیابیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے ۔وزیراعظم نے ملک بھر کی خواتین کو مبارکباد دیتے ہوئے ہندوستان کی ترقی کی تشکیل میں ان کے بڑھتے ہوئے کردار کی ستائش کی۔ انہوں نے کہا کہ ہر شعبے میں خواتین عزم، تخلیقی صلاحیت اور بے مثال جوش کے ساتھ تعاون دے رہی ہیں۔ ان کی کامیابیاں ملک کو تحریک دیتی ہیں اور ایک وکست بھارت کی تعمیر کے لیے ہمارے اجتماعی عزم کو مضبوط کرتی ہیں۔خواتین کی قیادت میں ترقی کے حوالے سے حکومت کے عزم کو اجاگر کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ خواتین کو بااختیار بنانا حکومت کی متعدد اسکیموں اور اقدامات کا بنیادی ستون ہے ۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ حکومت ایسے مواقع پیدا کرنے کے لیے پُرعزم ہے جن کے ذریعے ہر خاتون اپنی مکمل صلاحیت کو بروئے کار لا سکے اور ہندوستان کی ترقی کے سفر میں اپنا کردار ادا کر سکے ۔وزیراعظم نے مزید کہا کہ ہندوستان کی ناری شکتی کی کامیابیاں ملک کے لیے باعثِ فخر ہیں اور یہ اس بات کی طاقتور یاد دہانی ہیں کہ ملک کی تعمیر میں خواتین کس قدر تبدیلی لانے والا رول ادا کرتی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جیسے جیسے ہندوستان آگے بڑھ رہا ہے ، خواتین کی امنگیں اور خدمات ملک کو ایک مضبوط اور خوشحال ملک کی جانب اجتماعی سفر میں مسلسل رہنمائی فراہم کرتی رہیں گی۔مسٹر مودی نے یہ بھی بتایا کہ گزشتہ ایک دہائی کے دوران نچلی سطح پر خواتین کی زندگیوں میں کس طرح نمایاں تبدیلی آئی ہے ۔ انہوں نے ملک بھر میں خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے کیے گئے اقدامات کے اثرات کو اجاگر کیا۔ایکس پر اپنے سلسلہ وار پیغامات میں نریندر مودی نے کہا کہ”عالمی یومِ خواتین کے موقع پر میں اپنی تمام ناری شکتی کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ہر شعبے میں خواتین عزم، تخلیقی صلاحیت اور بے مثال جوش کے ساتھ ہندوستان کی ترقی کو نئی شکل دے رہی ہیں۔ ان کی کامیابیاں ملک کو متاثر کرتی ہیں اور ایک وکست بھارت کی تعمیر کے ہمارے اجتماعی عزم کو مزید مضبوط بناتی ہیں۔خواتین کو بااختیار بنانا ہماری مختلف اسکیموں اور اقدامات کا بنیادی حصہ ہے ۔ ہم ایسے مواقع پیدا کرنے کے لیے پُرعزم ہیں جو ہر خاتون کو اپنی مکمل صلاحیت کو بروئے کار لانے اور ہندوستان کی ترقی کے سفر میں حصہ لینے کے قابل بنائیں۔دیگر پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ ”بھارت کی ناری شکتی کی کامیابیاں فخر کا باعث ہیں اور یہ ملک کی تعمیر میں خواتین کے انقلابی کردار کی ایک مضبوط یاد دہانی بھی ہیں۔ جیسے جیسے ہندوستان مزید ترقی کی طرف بڑھ رہا ہے ، خواتین کی امنگیں اور خدمات ہماری اجتماعی رہنمائی کرتی رہیں گی تاکہ ہم ایک مضبوط اور خوشحال ملک کی جانب اپنا سفر جاری رکھ سکیں۔