۔ 12 سال سے کسی بھی فرد کیلئے دنیا کا پہلا ڈی این اے ویکسین انڈیا میں تیار
چائے فروش کا چوتھی مرتبہ اقوام متحدہ سے خطاب ہندوستانی جمہوریت کا کمال
نیویارک : وزیراعظم نریندر مودی نے آج نیویارک میں اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے 76 ویں اجلاس سے خطاب کیا جو دسمبر 2019 میں کورونا وائرس عالمی وبا پھوٹ پڑنے کے بعد سے ان کا پہلا خطاب ہے ۔ وزیراعظم نے اپنے ابتدائی ریمارکس میں کہا کہ ہندوستان کی جمہوریت کا کمال اور اس کی طاقت اس حقیقت میں مضمر ہے کہ ایک کم عمر چائے فروش بھی آگے بڑھ کر ترقی کرتے ہوئے اقوام متحدہ سے چوتھی مرتبہ خطاب کررہا ہے ۔ وزیراعظم مودی نے کہا کہ ہندوستان نے دنیا کا پہلا ڈی این اے ویکسین تیار کرلیا ہے جسے 12 کی عمر اور اس سے زائد کسی بھی فرد کو دیا جاسکتا ہے ۔ انسانیت کے تئیں اپنی ذمہ داری محسوس کرتے ہوئے ہندوستان نے پھر ایک مرتبہ ان افراد کو ویکسین دینا شروع کیا ہے جس کی انہیں اشد ضرورت ہے ۔ اس سال کے عام مباحث کا موضوع کوویڈ ۔ 19 سے صحت یاب ہونے والوں کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنا ہے ۔ جنرل اسمبلی کے لیے مقررین کی دوسری عبوری فہرست کے مطابق تقریبا 109 سربراہان مملکت و حکومت عام مباحثہ میں بہ نفس نفیس حصہ لیتے ہوئے جنرل اسمبلی کو مخاطب کریں گے ۔ تقریبا 60 شخصیتیں پہلے سے ریکارڈ ویڈیو بیانات کے ذریعہ اپنی تقریریں پیش کریں گے ۔ وزیراعظم مودی امریکی صدر جوزف بائیڈن کے ساتھ وائیٹ ہاوس کے اوول آفس میں باہمی میٹنگ منعقد کرنے اور جمعہ کو ہی پہلی مرتبہ کواڈ چوٹی اجلاس میں حصہ لینے کے بعد ہفتہ کو واشنگٹن سے نیویارک پہنچے۔ مودی نے آخری مرتبہ 2019 میں یو این جنرل اسمبلی سیشن سے خطاب کیا تھا ۔ گذشتہ سال عالمی قائدین نے ستمبر میں منعقدہ جنرل اسمبلی سیشن کے لیے اپنے پہلے سے ریکارڈ شدہ ویڈیو بیانات پیش کردئیے تھے کیوں کہ سربراہان مملکت اور حکومت کورونا وباء کے سبب سالانہ اجلاس میں شخصی طور پر شرکت نہیں کرسکے تھے ۔ وزیراعظم مودی نے آج کہا کہ کورونا وباء نے لوگوں کو سکھایا ہے کہ جب وہ متحد ہوجائیں تو کسی بھی ہنگامی صورتحال کا سامنا کیا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے کورونا بحران سے نمٹنے میں ہندوستان کے تجربات سے دنیا کو واقف کرایا ۔۔