ہندوستان کی تھیٹر شخصیت منجوناتھ نائیڈو کی آخری رسومات

   

دوبئی ۔ 25 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی مزاحیہ اداکار منجوناتھ نائیڈو جن کا دوبئی میں ایک شو پیش کرنے کے دوران انتقال ہوگیا تھا، کے دوستوں اور ساتھی فنکاروں نے آخری رسومات ادا کرنے کی ذمہ داری لی ہے۔ ان سب کا یہ کہنا ہیکہ منجوناتھ ایک انتہائی رحمدل، شریف اور مخیرشخص تھے اور کسی کی بھی مدد کرنے میں کبھی کوتاہی نہیں کرتے تھے۔ 36 سالہ فنکار کو 19 جولائی کے روز اپنا ایک شو پیش کرنے کے دوران قلب پر حملہ ہوا تھا جس کے بعد وہ گر پڑے تھے۔ اس وقت ہال تماشائیوں سے کھچاکھچ بھرا ہوا تھا اور وہ لوگ نائیڈو کے گرنے کو بھی ان کے ڈرامہ کا حصہ سمجھ رہے تھے۔ ہندوستان کے شہر چینائی کے ساکن نائیڈو کی آخری رسومات الجبیل میں واقع برقی شمشان میں انجام دی گئی۔ اس وقت ان کے دوستوں اور خیرخواہوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔ نائیڈو کے والدین پہلے ہی انتقال کرچکے ہیں اور ان کا ایک بھائی جو ہانگ کانگ کا شہری ہے، ویزا نہ ملنے کی وجہ سے آخری رسومات میں شرکت نہ کرسکا۔