ہندوستان کی جنوبی افریقہ پر تاریخی کلین سویپ

   

روہت شرما کو مقابلے اور سیریز کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ

رانچی۔22 اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان نے انتہائی شاندار انداز میں جنوبی افریقہ کو تیسرے اور آخری ٹسٹ میں چوتھے ہی دن منگل کو صبح اننگز اور202 رنز کے ریکارڈ فرق سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں0- 3 کی تاریخی کلین سویپ کر لی۔ ہندوستان کی جنوبی افریقہ کے خلاف یہ پہلی کلین سویپ ہے ۔ جنوبی افریقہ نے گزشتہ روز کے آٹھ وکٹ پر132 رن سے آگے کھیلنا شروع کیا اور ہندوستان نے اس کے بقیہ دو وکٹ حاصل کرنے کے لئے صرف11 منٹ کا وقت لگایا ۔ جنوبی افریقہ کی دوسری اننگز133 رن پر سمٹ گئی ۔ پہلا ٹیسٹ کھیل رہے بائیں ہاتھ کے اسپنر شہباز ندیم نے بقیہ دو وکٹ مسلسل گیندوں پر حاصل کرتے کامیابی ہندوستان کی جھولی میں ڈال دی ۔ہندوستان نے سوا تین دن میں ہی میچ کو ختم کر دیا اور جنوبی افریقہ کے خلاف اپنی سب سے بڑی جیت درج کر لی ۔ ہندوستان نے اس سے قبل پونے میں دوسرے ٹسٹ میں جنوبی افریقہ کو اننگز اور 137 رن سے شکست دی تھی ۔ ہندوستان کی اپنی یہ سب سے بڑی چھٹی کامیابی ہے ۔ تیسرے ٹسٹ میں ڈبل سنچری بنانے والے اوپنر روہت شرما کو مین آف دی میچ کے ساتھ ساتھ پلیئر آف دی سیریز کا ایوارڈ دیا گیا ۔ ہندوستان کی آئی سی سی ٹسٹ چمپئن شپ میں یہ مسلسل پانچویں ٹسٹ کامیابی ہے اور اس کے اب240 نشانات ہو گئے ہیں ۔ ہندوستان کو اس میچ میں جیت سے40 پوائنٹس ملے ہیں۔ جنوبی افریقہ کا چیمپئن شپ میں ابھی کھاتہ نہیں کھلا ہے ۔ دوسری اننگز میں جنوبی افریقی ٹیم تاش کے پتوں کی طرح بکھیر گئی ۔کامیابی کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے ہندوستانی کپتان ویراٹ کوہلی نے کہا کہ یہ ایک جامع کامیابی رہی اور اگر ہم اپنے منصوبے کے تحت کارکردگی کرتے ہیں تو کسی بھی مقام پر کامیابی حاصل کرسکتے ہیں۔ ہندوستانی اوپنر روہت شرما اور آف اسپنر روی چندرن اشون جنوبی افریقہ کے خلاف تین ٹسٹ میچوں کی فریڈم ٹرافي میں رن بنانے اور وکٹ لینے کے معاملے میں سب سے آگے رہے ۔ روہت نے اپنے کیریئر میں پہلی بار اوپننگ میں اترتے ہوئے تین سنچریوں کی مدد سے سب سے زیادہ 529 رنز بنائے ۔وشاکھاپٹنم میں پہلے ٹسٹ میں176 اور127 رن اور رانچی میں تیسرے ٹسٹ میں212 رنز بنائے ۔ روہت کا اس سیریز میں اوسط 132.25 رہا جبکہ ہندوستانی کپتان کوہلی کے سیریز میں158.50 کا سب سے زیادہ اوسط رہا۔ کوہلی نے سیریز میں 317 رن بنائے اور سب سے زیادہ رن بنانے والوں میں تیسرے نمبر پر رہے ۔ بولنگ میں اشون کا جلوہ رہا جنہوں نے فریڈم ٹرافی میں 25.26 کے اوسط سے سب سے زیادہ 15 وکٹ لئے ۔ امیش یادو کا 12.18 کا بہترین اوسط رہا۔ یادو کو دوسرے ٹسٹ میں ٹیم میں جگہ ملی تھی اور انہوں نے دو میچوں میں 11 وکٹ لئے ۔ محمد سمیع 13 وکٹ اور 14.76 کی اوسط کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہے ۔ جڈیجہ نے 30.69 کی اوسط سے 13 وکٹ حاصل کئے ۔