نئی دہلی۔رواں سال جون جولائی میں ایشیاء کپ کا انعقاد ہونا ہے لیکن ہندوستانی ٹیم اس دوران آئی سی سی ورلڈ ٹسٹ چمپئن شپ کے فائنل میں نظر آئے گی ۔ ایسی صورتحال میں ایشیا کپ منسوخ کیا جاسکتا ہے اور اگر اس سال ایشیاء کپ منسوخ نہیں کیا جاتاتو بی سی سی آئی کو اس ٹورنمنٹ کے لئے ایک اور ٹیم بھیجنی پڑے گی ۔در اصل نیوزی لینڈ کے خلاف 18 جون کو شروع ہونے والے آئی سی سی ورلڈ ٹسٹ چمپئن شپ کے فائنل کے لئے ہندوستانی ٹیم کو جون کے پہلے ہفتے میں انگلینڈ روانہ ہونا ہے ، جہاں ورلڈ ٹسٹ چمپئن شپ کا فائنل کھیلا جانا ہے۔ہندوستانی کھلاڑی آئی پی ایل2021 کے اختتام کے بعد ہی برطانیہ روانہ ہوں گے ، کیونکہ ہندوستانی کھلاڑیوں کو انگلینڈ میں 14 دنوں کا قرنطینہ گزارنا ہوگا۔ ساوتھمیپٹن کا ایگس باول اسٹیڈیم فائنل کی میزبانی کرسکتا ہے کیونکہ میدان کی عمارت میں ہوٹل کی سہولیات موجود ہیںجہاں ہندوستان اور نیوزی لینڈ کو 14 دنوں کا قرنطینہ گزارنا ہوگا۔ ہندوستانی ٹیم کے اہم کھلاڑی جن میں کپتان ویراٹ کوہلی ، روہت شرما ، جسپریت بمراہ ، ہاردک پانڈیا ، محمد سمیع ، رشبھ پنت شامل ہیں ، اس وقت ورلڈ ٹسٹ چمپئن شپ کی وجہ سے ایشیاء کپ کے لئے دستیاب نہیں ہوں گے اور پھر انگلینڈ کے خلاف ہندوستان کی سیریز بھی ہونی ہے۔تاہم اس صورتحال کا حل ہندوستانی کرکٹ بورڈ کے پاس یہ ہے کہ سری لنکا میں ٹی 20 فارمیٹ میں کھیلے جانے والے ایشیاء کپ کے لئے اپنی دوسری ٹیم روانہ کرے ہوگی۔