ہندوستان کی سری لنکا کے خلاف جامع کامیابی

   

کوالالمپور: آئی سی سی انڈر19 ویمنز ٹی20 ورلڈکپ 2025 کے24 ویں میچ میں ٹیم انڈیا نے ایک بار پھر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سری لنکا کو شکست دی۔ ٹیم انڈیا نے گروپ اے کے اس میچ میں سری لنکا کے خلاف صرف118 رن بنائے تھے لیکن اس کے باوجود اسے ایک آسان فتح ملی۔ ہندوستان نے سری لنکائی ٹیم کو صرف 58 رنز تک محدود کرکے 60 رنز سے ایک اور بڑی جیت درج کروائی۔ ٹیم انڈیا لگاتار تین میچ جیت کرگروپ اے میں سرفہرست ہے اورسوپر 6 لیگ مرحلے کے لیے شاندار انداز میں داخلہ لیا۔ دوسری جانب اس ٹورنمنٹ میں سری لنکا کو پہلا میچ ہارنا پڑا۔ یہ ٹیم بھی سوپرسکس میں پہنچ گئی ہے۔ ٹیم انڈیا کی جیت کی اصل اسٹارگونگاڈی تریشا تھیں جنہوں نے49 رنزکی اننگز کھیلی۔ اس کھلاڑی نے5 چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ ان کی اس اننگز کی وجہ سے ٹیم انڈیا کسی طرح 118 رنز تک پہنچ گئی۔ تریشا کے علاوہ کوئیبیٹر20 رنز تک بھی نہ پہنچ سکی۔ سری لنکا کی جانب سے لیمانسا تلکارتنے اور پرمودی متھاسارا نے فی کس2 وکٹیں حاصل کیں۔سری لنکا کے سامنے ہدف بڑا نہیں تھا لیکن ہندوستانی بولروں نے ان کے لیے مشکلات کھڑی کردیں۔ شبنم شکیل اور جوشیتا نے مل کر سری لنکا کے ٹاپ آرڈرکو تباہ کردیا ۔ شکیل اور جوشیتا دونوں نے فی کس2 وکٹیں حاصل کیں۔ ایوشی شکلا نے ایک وکٹ حاصل کی۔ پارونیکا سسودیا نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ ویشنوی شرما نے بھی ایک وکٹ حاصل کی۔ٹیم انڈیا نے انڈر19 خواتین کے ٹی20 ورلڈ کپ میں اپنے تینوں میچ جیتے ہیں۔ تینوں میچ یک طرفہ انداز میں جیتے ہیں۔ پہلے میچ میں ٹیم انڈیا نے ویسٹ انڈیزکو 9 وکٹوں سے شکست دی تھی۔ اس کے بعد ملائیشیا کی ٹیم 10 وکٹوں سے میچ ہارگئی اور اب سری لنکا پر60 رنز کی بڑی فتح درج کر لی ہے۔ پوائنٹس ٹیبل میں ہندوستانی ٹیم نے3 میچوں میں 6 پوائنٹس کے ساتھ اگلے مرحلے میں رسائی حاصل کرچکی ہے ۔