ہندوستان کی مخطوطات پوری انسانیت کی ترقی کیلئے معاون

   

تین روزہ گیان بھارتم مشن کی بین الاقوامی کانفرنس کا افتتاح ۔ وزیرا عظم مودی کا خطاب

نئی دہلی، 12 ستمبر (یو این آئی) وزیراعظم نریندر مودی نے آج کہا کہ ‘گیان بھارتم مشن’ ہندوستان کی ثقافت، ادب اورشعور کا اعلان بننے جا رہا ہے ۔ وزیراعظم مودی نے وگیان بھون میں منعقد تین روزہ گیان بھارتم مشن کی بین الاقوامی کانفرنس میں کہا کہ ہندوستانی ثقافت اور روایت کو محفوظ رکھنے میں ہندوستان کے مخطوطات پوری انسانیت کی ترقی کے سفر کے نقشِ قدم ہیں۔ وزیراعظم نے ‘گیان بھارتم’ پورٹل کا بھی افتتاح کیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ہندوستان کی علمی روایت چار بنیادی ستونوں – تحفظ، اختراع، اضافہ اور تطبیق پر قائم ہے ، اسی وجہ سے یہ آج تک اتنی ثروت مند ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آج ہندوستان کے پاس80 زبانوں میں مخطوطات کا دنیا کا سب سے بڑا ذخیرہ موجود ہے ، جس میں تقریباً ایک کروڑ مخطوطات ہیں۔ اسی تسلسل میں ‘گیان بھارتم مشن’ ہندوستان کی ثقافت، ادب اور شعور کا اعلان بننے جا رہا ہے ۔ وزیراعظم نے کہا کہ ‘گیان بھارتم’ بذاتِ خود ایک زندہ دھارا ہے جو افکار، اقدار اور اصولوں سے وجود میں آیا ہے ۔ہندوستان کے قدیم مخطوطات میں ہمیں ملک کے مسلسل بہاؤ کی لکیریں نظر آتی ہیں۔ یہ مخطوطات ہمارے کثرت میں وحدت کے تصور کا منشور بھی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لاکھوں مخطوطات جلادیے گئے یا تباہ کردیے گئے ، مگر جو بچ گئے وہ اس بات کے گواہ ہیں کہ علم، سائنس اور مطالعہ کیلئے ہمارے آبا و اجداد کی لگن کتنی گہری اور وسیع تھی۔ وزیر اعظم مودی نے کہا،”قدیم زمانے سے لے کر ہزاروں برسوں تک ہماری نسلوں کا تفکر و تدبر، ہندوستان کے عظیم آچاریوں اور ماہرین کی فہم و تحقیق، ہماری علمی روایات اور سائنسی ورثے ‘گیان بھارتم مشن کے ذریعے ہم ان کا ڈیجیٹلائزیشن کرنے جا رہے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ ‘گیان بھارتم’ کا وسیلہ مخطوطات کے عظیم خزانے کو سامنے لانے کے ساتھ ہندوستان کے سنہری ماضی کے احیاء کا بھی گواہ بن رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ چند دن پہلے ہی میں نے ‘گیان بھارتم مشن’ کا اعلان کیا تھا اور اتنے کم وقت میں آج ہم اس کی بین الاقوامی کانفرنس منعقد کرنے کے ساتھ اس سے متعلق پورٹل بھی لانچ کر رہے ہیں۔ یہ کوئی سرکاری یا علمی تقریب نہیں ہے ، بلکہ ہندوستان کی ثقافت، ادب اور شعور کا اعلان ہے ۔