ہندوستان کی معیشت پٹری سے اترتی نظرآرہی ہے :چدمبرم

   


نئی دہلی: کانگریس کے سینئر لیڈر پی چدمبرم نے آج راجیہ سبھا میں معیشت کی حالت پرسخت سوالات کرتے ہوئے کہا کہ نجی سرمایہ کاری اور نجی اخراجات میں کمی آرہی ہے ، ترقی یافتہ ممالک کی حالت ڈگمگا رہی ہے اور ہندوستانی معیشت پٹری سے اُترتی نظرآ رہی ہے ۔چدمبرم نے لنچ کے وقفے کے بعد ایوان میں اپروپری ایشن نمبر 5 بل 2022 اور اپروپری ایشن نمبر2 بل 2022 پر ایک ساتھ بحث کا آغاز کرتے ہوئے حکومت نے 3.25 لاکھ کروڑ روپے سے زیادہ کی رقم مانگی ہے جس میں سے 500 کروڑ روپے دفاعی شعبے کیلئے بھی ہیں۔ یہ رقم شمال مشرقی خطے میں سرحدی انفراسٹرکچر کی ترقی کیلئے ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس کی مکمل حمایت کرتے ہیں اور یہ ایوان سرحد کی حفاظت کیلئے حکومت کو جو بھی رقم درکار ہے وہ دینے کیلئے تیار ہے ۔ وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن نے ان دونوں بلوں کو ایوان میں بحث کیلئے پیش کیا۔ لوک سبھا ان بل کو پہلے ہی پاس کر چکی ہے ۔چدمبرم نے کہا کہ کل ٹیکس وصولی میں کارپوریٹ ٹیکس کی حصہ داری 26 فیصد رہی ہے جبکہ نو سال پہلے یہ32 فیصد تھی ۔ حکومت کو بتانا چاہیے کہ وزیر خزانہ کی مسلسل کوششوں اور حکومت کی جانب سے مسلسل حوصلہ افزائی کے باوجود ملک میں نجی سرمایہ کاری کیوں کم ہو رہی ہے ۔