ہندوستان کی میک اِن انڈیا سے دستبرداری ، فروخت کرو انڈیا پر عمل آوری

   

2 ستمبر سے ٹی آر ایس جھنڈا تہوار ، بنڈی سنجے پدیاترا کیوں کررہے ہیں وضاحت کریں ، کے ٹی آر کا مطالبہ
حیدرآباد ۔ 27 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : ٹی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ و ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر نے کہا کہ مرکزی حکومت ’ میک ان انڈیا ‘ پالیسی سے دستبردار ہو کر ’ بیچو انڈیا ‘ پالیسی کو گلے لگالیا ہے ۔ تلنگانہ بی جے پی کے صدر بنڈی سنجے پر زور دیا کہ وہ پدیاترا کیوں کررہے ہیں اس کی عوام سے وضاحت کریں ۔ آج تلنگانہ بھون میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کے ٹی آر نے کہا کہ مرکز میں اقتدار حاصل ہونے کے بعد وزیراعظم نریندر مودی نے میک ان انڈیا ، ڈیجیٹل انڈیا ، فیٹ انڈیا ، سٹ انڈیا ، اسکیل انڈیا کے علاوہ مزید کئی پروگرامس کا آغاز کیا ۔ ان تمام پروگرامس سے دستبردار ہو کر اب ( بیچو انڈیا ) فروخت کرو ہندوستان کی پالیسی پر عمل کررہے ہیں ۔ اسی پروگرام کے حصہ کے طور پر مرکزی حکومت شہر حیدرآباد کے مضافاتی علاقہ مولا علی میں 21 ایکڑ ریلوے اراضی کو فروخت کرنے کی کوشش کررہی ہے ۔ جس کو ہرگز قبول نہیں کیا جائے گا ۔ اس طرح ملک میں 6 لاکھ کروڑ کی جائیدادوں کو فروخت کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ مودی نے سال میں دو کروڑ ملازمتیں فراہم کرنے کا وعدہ کیا تھا مگر وعدہ پورا کرنے میں پوری طرح ناکام ہوگئے۔ گذشتہ 7 سال کے دوران تلنگانہ کے عوام نے 2 لاکھ 72 ہزار کروڑ روپئے بطور ٹیکس مرکز کو ادا کیا ہے ۔ لیکن بدلے میں مرکز نے ریاست کو صرف ایک لاکھ 45 ہزار کروڑ روپئے واپس کیا ہے ۔ ایک نیا پیسہ ریاست کو اضافہ نہیں دیا گیا نہ ہی ریاست کے ایک بھی پراجکٹ کو قومی پراجکٹ کا درجہ دیا گیا اور نہ ہی تقسیم ریاست کے بل میں تلنگانہ سے جو وعدے کئے گئے تھے اس کو پورا کیا گیا ۔ یہاں تک کہ گذشتہ سال حیدرآباد میں سیلاب سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی تھی ۔ گجرات کے لیے 1000 کروڑ اور دوسری بی جے پی کی زیر قیادت ریاست کو 500 کروڑ روپئے جاری کئے گئے ۔ مگر تلنگانہ کو پوری طرح نظر انداز کردیا گیا ۔ انہوں نے تلنگانہ بی جے پی کے صدر بنڈی سنجے کی پدیاترا پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ ان کا نام بنڈی ہے ۔ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ ہونے کے بعد بنڈی سنجے اپنی گاڑی چھوڑ کر پدیاترا کررہے ہیں ۔ پدیاترا کے دوران بنڈی سنجے ریاست کے دیہی علاقوں کی ترقی کا جائزہ لیں ۔ آسرا پنشن سے غریب عوام کے چہروں پر جو مسکراہٹ ہے اس پر بھی نظر دوڑائیں ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ ریاست میں 2 تا 12 ستمبر تک ٹی آر ایس جھنڈا تہوار کا انعقاد عمل میں لایا جائے گا ۔ اور 2 ستمبر کو ہی دہلی میں تلنگانہ بھون کا سنگ بنیاد رکھا جائے گا ۔ حیدرآباد میں 1400 بستی کمیٹیاں تشکیل دی جائے گی جس میں ایس ٹی ، بی سی اور اقلیتی طبقات کو 51 فیصد نمائندگی دی جائے گی۔۔ N