ہندوستان کی ویکسین منظوری پر ڈبلیو ایچ او نے خیرمقدم کیا

,

   

کووڈ۔19 کے 2 ویکسین کے ہنگامی استعمال کی منظوری پر وزیراعظم نریندر مودی کی مبارکباد

نئی دہلی : عالمی تنظیمی صحت نے آج ہندوستان کی جانب سے کووڈ۔19 ویکسین کی منظوری کا خیرمقدم کیا ہے اور کہا ہے کہ اس فیصلہ سے کورونا وائرس کیخلاف لڑائی میں مضبوطی آئے گی ۔ ڈبلیو ایچ او نے جنوب مشرقی ایشیائی خطہ میں کووڈ۔19 ویکسین کو دینے کے مجاز قرار دینے پر خوشی کا اظہار کیا ۔ یہ فیصلہ حکومت ہند نے کیا ہے ۔ ہندوستان اس خطہ میں کووڈ۔19 وباء کے خلاف جدوجہد میں مدد کررہا ہے ۔ ڈبلیو ایچ او جنوب مشرقی ایشیائی خطہ کی علاقائی ڈائرکٹر ڈاکٹر پونم کیتھر پال سنگھ نے کہا کہ اس ویکسین کو کثیرآبادی والے علاقوں میں ترجیحی بنیادوں پر استعمال کیا جائے گا ۔ دیگر صحت عامہ کے اقدامات بھی انجام دیئے جائیں گے ۔ اسی دوران وزیراعظم نریندر مودی نے ہندوستان میں کووڈ۔19 کے دو ویکسین کے ہنگامی استعمال کو ڈی جی سی آئی کی جانب سے منظور کئے جانے کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ اس سے ہندوستان کے عوام میں صحت کا مسئلہ حل کرنے کی راہ ہموار ہوگی اور کووڈسے پاک ملک بن جائے گا ۔ انہوں نے مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ فیصلہ کووڈکیخلاف لڑائی کو مضبوط بناتے ہوئے ایک اہم موڑ ثابت ہوگا ۔ ٹوئیٹر پر انہوں نے لکھا کہ ہمارے سائنسدانوں نے آتما نربھر بھارت کے خواب کو پورا کیا ہے ۔ ہم ڈاکٹروں ، میڈیکل اسٹاف ، سائنسدانوں ، پولیس ، صفائی کرمچاریوں کا شکریہ ادا کرتے ہیں ۔