سڈنی ۔7 نومبر (سیاست ڈاٹ کام )آسٹریلیا کے سابق کرکٹر ایڈم گلکرسٹ نے آئندہ برس ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے لئے 4 سیمی فائنلسٹ ٹیموں کا انتخاب کیا لیکن عالمی نمبر ایک پاکستان کو ہی نظر انداز کردیا۔ ہندوستانی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گلکرسٹ نے کہا کہ ہندوستان کی ٹیم آئندہ برس ہونے والے عالمی میلے کا سیمی فائنل اورممکنہ طور پر فائنل کھیلے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں یہ نہیں کہہ سکتا کہ یہ ایونٹ کون جیتے گا لیکن میری نظر میں ہندوستان، نیوزی لینڈ، انگلینڈ اور آسٹریلیا کے دور تک جانے یعنی سیمی فائنل کھیلنے کے امکانات ہیں۔ اپنی اس گفتگو میں سابق آسٹریلیائی اوپنر نے پاکستان کو نظر انداز کردیا جو اس وقت عالمی درجہ بندی میں نمبر ایک ٹیم ہے اور اس نے آئندہ برس ہونے والے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں بطور ٹاپ ٹیم ہی رسائی حاصل کی ۔ اس حوالے سے گلکرسٹ نے کہا ہے کہ پاکستان اس فارمیٹ کی نمبر ایک ٹیم ہے آپ انہیں بھی نظر انداز نہیں کرسکے، لیکن ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ایک لاٹری کی طرح ہے اسی وجہ سے یہاں کسی کے بارے میں پیش قیاسی کرنا اس وقت تک مشکل ہے جب تک آخری رن نہیں بن جاتا یا وکٹ نہیں لے لی جاتی۔ یاد رہے کہ آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ سال 2020ء میں آسٹریلیا میں 18 اکتوبر سے 15 نومبر تک کھیلا جائے گا۔ اس ایونٹ کا پہلا مقابلہ میزبان آسٹریلیا اور عالمی نمبر ایک پاکستان کے درمیان ہوگا۔