ماؤنٹ مونگانوئی۔ 26جنوری (سیاست ڈاٹ کام ) روہت شرما(87) اور شکھر دھون(66) کی شاندار نصف سنچریوں اور ان کے مابین154 رنز کی زبردست رفاقت کے بعد چائنامین کلدیپ یادو 45 رنز پر چار وکٹ کی عمدہ بولنگ سے ہندوستانی ٹیم نے نیوزی لینڈ کو دوسرے ونڈے میں 90 رنز سے شکست دے کر پانچ میچوںکی سیریز میں 0-2 کی برتری حاصل کرلی۔ ہندوستانی ٹیم نے اس طرح26 جنوری کو یوم جمہوریہ پر پہلی مرتبہ ونڈے جیت کر ملک کو کامیابیکا شاندار تحفہ دے دیا۔ ہندوستان کا آئین 26 جنوری 1950 کو نافذ ہوا تھا اور اس کے بعد سے ہندوستان نے کبھی26 جنوری کو ونڈے میچ نہیں جیتا تھا۔ مسلسل تاریخ کے نئے باب رقم کررہی ہندوستانی ٹیم نے اب یوم جمہوریہ پر ونڈے جیتنے کی تاریخ رقم کی۔ہندوستان نے روہت شرما 87، شیکھر دھون 66، کوہلی 43، امباٹي رائیڈو 47، مہندر سنگھ دھونی ناٹ آؤٹ48 اورکیدار جادھو ناٹ آؤٹ 22 کی شاندار کارکردگی سے50 اوور میں چار وکٹ پر324 رنز کا ہمالیائی اسکور بنایا اور نیوزی لینڈ کو 40.2 اوور میں234 رنز پر سمیٹ دیا۔کپتان کوہلی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ روہت اور شکھر نے پہلے وکٹ کے لئے154 رنز جوڑ کر اپنے کپتان کے فیصلے کو صحیح ثابت کر دیا۔ روہت نے 96 گیندوں میں نو چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 87 رنز بنائے ۔ شکھر نے مسلسل دوسرے میچ میں نصف سنچری بنائی۔ شکھر نے67 گیندوں پر66 رن میں نو چوکے لگائے ۔ شکھر کو ٹرینٹ بولٹ نے وکٹ کے پیچھے ٹام لاتھم کے ہاتھوں کیچ کروایا۔ روہت جب اپنی سنچری سے 13 رن دور تھے تبھی لوکی فرگیوسن نے روہت کو کولن ڈی گرینڈھوم کے ہاتھوں کیچ کروادیا۔ ہندوستان کا دوسرا وکٹ 172 کے اسکور پر گرا۔کوہلی نے45 گیندوں میں پانچ چوکوں کی مدد سے43 رنز کی اننگز کھیلی لیکن مسلسل دوسرے میچ میں نصف سنچری بنانے سے چوک گئے ۔ یہ مسلسل تیسرا میچ ہے جس میں کوہلی نصف سنچری مکمل نہیں کرسکے ۔ رائیڈو نے 49 گیندوں میں تین چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے47 رنز بنائے ۔ کوہلی کو بولٹ اور رائیڈو کو فرگوسن نے آؤٹ کیا۔ہندوستان کا چوتھا وکٹ 271 کے اسکور پر گرا۔ دھونی اور جادھو نے پانچویں وکٹ کے لئے 53 رن کی ناٹ آوٹ ساجھے داری کرکے ہندوستان کو 50 اوور میں 324 تک پہنچا دیا۔ دھونی نے 33 گیندوں پر ناٹ آوٹ 48 رن میں پانچ چوکے اور ایک چھکا لگایا ۔ بولٹ نے 10 اوور میں 61 رن پر دو وکٹ اور فرگیوسن نے 10 اوور میں 81 رن دے کر دو وکٹ لئے ۔نیوزی لینڈ کیبیٹنگ ایک بار پھرناکام ہوئی۔ نیوزی لینڈ کو اپنے ٹاپ آرڈر کے کی ناکامی ایک بار پھر بھاری پڑی۔نیوزی لینڈ نے اپنے آٹھ وکٹ صرف 166 رن پر گنوا دیئے تھے لیکن ڈگ بریسویل (57) نے یک طرفہ جدوجہد کرتے ہوئے اپنی پہلی نصف سنچری مکمل کی۔ کلدیپ نے 10 اوور میں45 رنز دے کر چار وکٹ حاصل کئے ۔ بھونیشور کمار نے مارٹن گپٹل(15) کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ محمد مسمیع نے نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن (20) کو پویلین راستہ دکھایا۔