ہندوستان کے خلاف انگلینڈ کو آسان کامیابی

   


چیسٹر لی اسٹریٹ۔ ہندوستانی خواتین کرکٹ ٹیم بیٹنگ اور بولنگ دونوں شعبوں میں ناکام رہی کیونکہ انگلینڈ نے انہیں یہاں اپنے پہلے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں نو وکٹوں سے شکست دی۔انگلینڈ کی کپتان ایمی جونز نے ہندوستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی اور لیگ اسپنر سارہ گلین کی شاندار بولنگ سے اسے سات وکٹ پر 132 رنز تک محدود کردیا۔ انگلینڈ نے تین میچوں کی سیریز میں ابتدائی برتری حاصل کرنے کے لیے اوپنر صوفیہ ڈنکلے کے ناقابل شکست 61 رنزکی بدولت 13 اوورز میں ایک وکٹ پر 134 رنز پر آسان فتح درج کی۔گلین نے چار اوورز میں23 رنز دے کر چار وکٹیں حاصل کیں اور ہندوستانی بیٹرسکو شروع سے آخر تک مشکلات میں ڈالے رکھا۔ہندوستانی بیٹرس میں سے کوئی بھی اچھا نہیں کھیل سکا۔ ان کے لیے آل راؤنڈر دیپتی شرما نے 29 گیندوں میں سب سے زیادہ 24 رنز بنائے۔ اوپنر اسمرتی مندھانا 23 جبکہ کپتان ہرمن پریت کور16گیندوں پر20 رنز بنانے کے بعد گلین کی گیند پر بولڈ ہوئیں۔وکٹ کیپر ریچا گھوش نے اچھی شروعات کی اور 12 گیندوں پر 16 رنز بنائے لیکن وہ اسے بڑی اننگز میں تبدیل نہ کر سکیں اور میڈیم پیسر فرییا ڈیوس کے ہاتھوں کیچ ہوگئیں۔اوپنر شیفالی ورما (14) اور ڈی ہیملتا (10) بھی دوہرے ہندسے تک پہنچ گئیں لیکن اپنی اچھی شروعات کا فائدہ نہیں اٹھا سکیں۔نسبتاً چھوٹے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے انگلینڈ نے دھوم مچادی۔ ڈنکلے نے ڈینیئل وائٹ (16 گیندوں پر 24) کے ساتھ صرف 6.2 اوورز میں 60 رنز کی شراکت کی۔ڈنکلے نے شروع میں وکٹ کیپرکو کیچ دیا تھا لیکن بولر رینوکا سنگھ نو بال کر کے بیٹھ گئیں۔ اس کے بعد جب وہ 15 پر تھی، شیفالی نے مڈ آف پر ان کا آسان کیچ چھوڑا۔ تب بھی بولر رینوکا ہی تھیں۔ڈنکلے نے اس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اس فارمیٹ میں اپنا سب سے زیادہ اسکور بنایا۔ انہوں نے ایلس کیپل کے ساتھ دوسری وکٹ کے لیے 74 رنز کی ناقابل شکست شراکت داری کی۔ کیپل نے 20 گیندوں پر 32 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ڈنکلے نے اپنی اننگز میں آٹھ چوکے اور ایک چھکا لگایا۔