ہندوستان کے خلاف شاندار سیریز ہوگی:پین

   

سڈنی۔8 جنوری (سیاست ڈاٹ کام ) مسلسل پانچ ٹسٹ جیتنے کے بعد اعتماد سے بھری آسٹریلیا ئی ٹیم کے کپتان ٹم پین نے کہا ہے کہ وہ اس سال شاندار سیریز میں ہندوستان کی میزبانی کرنے کے لئے اور انتظار نہیں کر سکتے لیکن یقینی طور پر بدلہ لینے کی بات ان کے ذہن میں نہیں ہے۔ آسٹریلیا نے 2018-19 سیزن میں گھریلو سرزمین پر پہلی مرتبہ ہندوستان کے خلاف ٹسٹ سیریزگنوائی تھی لیکن اس وقت گیند سے چھیڑ چھاڑ معاملے کی وجہ سے ٹیم کے تجربہ کار اسٹیو اسمتھ اور ڈیوڈ وارنر پر پابندی لگی تھی۔ اس کے بعد سے آسٹریلیا نے طویل سفر طے کیا ہے۔ٹیم کے نوجوان بیٹسمینوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا جبکہ فاسٹ بولروں نے بھی کامیابی میں اپنا کردار ادا کیا ہے اورا سمتھ اوروارنر کی جوڑی کی بھی ٹیم میں واپسی ہو چکی ہے۔آسٹریلیا نے گھریلو سیزن میں پاکستان کو دونوں ٹسٹ میں چار دن کے اندرشکست دی جبکہ نیوزی لینڈ کا بھی 3-0 سے کلین سویپ کیا۔ پین نے کہا کہ بنگلہ دیش دورے پر اگر ہم اچھا کھیل پائے اورکچھ جیت درج کر پائے تو اس کے بعد ہمیں آسٹریلیا میں ہندوستان کے خلاف کھیلنا ہے اور یہ کھلاڑیوں اورشائقین کے لئے شاندار سیریز ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ اس سیریز کے بارے میں نہ سوچنا مشکل ہے اور کرکٹ آسٹریلیا میں کچھ لوگ ہیں جو پہلے ہی اس سیریز کیلئے بے تاب ہیں لیکن کھلاڑیوں کے لئے اگلا ہدف بنگلہ دیش ہے اور ہم اسے آسان نہیں لے سکتے۔ پین نے کہا کہ دونوں ٹیموں، آسٹریلیا اور ہندوستان کی نظریں فائنل پر ہیں تو ہر نشان اس لیے ہے۔اگر ہم گزشتہ 12 ماہ کی شاندار کارکردگی کو جاری رکھتے ہیں تو یقینی طور پر دنیا کی ٹاپ دو یا تین ٹیموں میں جگہ بنا پائیں گے۔ پین نے اعتراف کیا کہ ہندوستان اب وہ ٹیم نہیں ہے جو اپنے اسپنروں پرکافی زیادہ بھروسہ کرتی ہے اور ٹیم کے پاس اب جسپریت بمراہ، محمد سمیع اور ایشانت شرما جیسے شاندار فاسٹ بولر ہیں۔