کراچی۔11 مارچ (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی نے بی سی سی آئی کی جانب سے کھلاڑیوں کو فوجی ٹوپی پہن کر آسٹریلیا کے خلاف میچ کھیلنے کو غلط قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم چاہتے ہیں کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) اس معاملے پر کارروائی کر ے۔کراچی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے احسان مانی نے کہا کہ آئی سی سی کو اس معاملے میں کوئی غلط فہمی نہیں ہے، کرکٹ کو بطور سیاست استعمال نہیں کرنا چاہیے۔ ہندوستانی کرکٹ ٹیم نے ایک غلط فیصلہ کیا جس کی وجہ سے ان کا معیارگرا ہے۔ ہندوستانی ٹیم کے فیصلے پر اعتراض کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جنوبی افریقہ کے عمران طاہر اور انگلینڈ کے معین علی کے خلاف آئی سی سی نے قدم اٹھایا تھا اور ہم چاہتے ہیں کہ آئی سی سی اسی طرح ہندوستانی کرکٹ بورڈ کے خلاف بھی کارروائی کرے۔ احسان مانی نے کہا کہ اس معاملے پر آئی سی سی کو دوسرا خط لکھنے جارہے ہیں کیونکہ ہم نہیں چاہتے کہ کرکٹ سیاست کے لیے استعمال کی جائے۔ اس سے قبل پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ہندوستانی ٹیم کی جانب سے آسٹریلیا کے خلاف میچ میں فوجی ٹوپیاں پہننے پر کہا تھا کہ دنیا نے دیکھا کہ ٹیم نے فوجی ٹوپیاں پہنیں، آئی سی سی کو چاہیے کہ وہ اس معاملے کا نوٹس لے۔ یہ کرکٹ نہیں ہے، میں امید کرتا ہوں کہ جینٹلمین گیم کو سیاست کی نذر کرنے پر آئی سی سی کارروائی کرے گی۔ انہوں نے تجویز دیتے ہوئے کہا کہ اگر ہندوستانی کرکٹ ٹیم کو نہیں روکا گیا تو پاکستانی کرکٹ ٹیم کو کشمیر کے حوالے سے دنیا کو باورکروانے کے لیے سیاہ پٹیاں پہن لینی چاہیے۔ یاد رہے کہ ہندوستانی ٹیم نے آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے تیسرے ونڈے میں افواج سے اظہار یک جہتی کے لیے فوجی ٹوپی پہن کر میچ کھیلا تھا۔