میلبورن ۔ آسٹریلیا کے بھروسہ مند بیٹر اسٹیو اسمتھ کے بیٹنگ آرڈرکے حوالے سے تمام قیاس آرائیاں ختم ہوچکی ہیں کیونکہ جو خبر سامنے آئی ہے اس کے مطابق اسٹیو اسمتھ کا بیٹنگ آرڈر واضح ہوگیا ہے ۔ سین ریڈیو کے مطابق اسٹیو اسمتھ کو ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلی جانے والی بارڈر گواسکر ٹرافی میں چوتھے نمبر پر کھیلتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ تاہم باضابطہ طور پر اس کی منظوری نہیں دی گئی لیکن یہی کہا جا رہا ہے کہ اسمتھ چار نمبر پر بیٹنگ کریں گے ۔ اس سے قبل اسٹیو اسمتھ کے اوپننگ میں کھیلنے کی قیاس آرائیاں کی جارہی تھیں لیکن واضح کیا جارہا ہے کہ اسمتھ چار نمبر پر بیٹنگ کریں گے کیونکہ ڈیویڈ وارنر کی سبکدوشی کے بعد اسمتھ کو نمبرتین سے ترقی دے کر اننگز کے آغاز کا موقع فراہم کیا گیا تھا لیکن وہ اوپننگ میں کامیاب نہیں ہوسکے۔ دراصل ڈیویڈ وارنر کی سبکدوشی کے بعد آسٹریلوی ٹیم کے سامنے اوپننگ کا بڑا سوال کھڑا ہوگیا تھا۔ سوال یہ ہے کہ بارڈر گواسکر ٹرافی میں عثمان خواجہ کے ساتھ اوپننگ کون کرے گا؟ ایسے میں اسٹیو اسمتھ خواجہ کے ساتھی بننے کے بڑے دعویدار دکھائی دے رہے تھے۔ تاہم اسٹیو اسمتھ بارڈر۔گواسکر ٹرافی میں اپنے مقام کے بارے میں زیادہ پریشان نہیں تھے۔ انہوں نے کہا تھا کہ بیٹنگ مقام صرف ایک نمبر ہے۔ اس سے انہیں کوئی فرق نہیں پڑتا۔ وہ کسی بھی نمبر پرکھیلنے کے لیے تیار ہے تاہم اب خبر ہے کہ اسمتھ صرف مڈل آرڈر میں بیٹنگ کریں گے۔ اسٹیو اسمتھ نے اب تک 109 ٹسٹ کھیلے ہیں جس میں انہوں نے 56.97 کی اوسط سے 9685 رنز بنائے ہیں۔ اس عرصے کے دوران اسمتھ نے بطور اوپنر4 ٹسٹ کھیلے ہیں جس میں انہوں نے 28.50 کی اوسط سے صرف171 رنز بنائے ہیں۔ اب سوال یہ ہے کہ بارڈر ۔گواسکر ٹرافی میں عثمان خواجہ کے ساتھ اوپننگ کون کرے گا؟ سین ریڈیو کے مطابق ٹریوس ہیڈکو عثمان خواجہ کا اوپننگ پارٹنر بنایا جا سکتا ہے۔ اگر ایسا ہوتا ہے تو آسٹریلیا کا ٹاپ بیٹنگ آرڈر کچھ اس طرح کا ہو سکتا ہے ، عثمان خواجہ، ٹریوس ہیڈ، مارنس لیبوشین اور اسٹیو اسمتھ۔ یادرہے کہ ہندوستان کے خلاف اہم مقابلوں میں ہیڈ اپنی ٹیم کیلئے میچ وونر بیٹر ثابت ہوئے ہیں جس میں ایک یادگار سنچری ونڈے ورلڈکپ کے فائنل میں سامنے آئی ہے جس کے بدولت آسٹریلیا نے ہندوستان میں منعقدہ ونڈے ورلڈ کپ کی ٹرافی حاصل کرپایا تھا۔ ہیڈ کے خلاف ہندوستانی بولرس زیادہ ترناکام ہوئے ہیں لہذا آسٹریلیا اننگز کے آغاز میں ہیڈ سے ایک بہتر شروعات حاصل کرتے ہوئے اسمتھ کے ذریعہ اسے مڈل آرڈر میں ایک بڑے اسکور کے حصول کا راستہ بنانا چاہتا ہے ۔ اس مرتبہ ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان بارڈرگواسکر ٹرافی 5 میچوں پر مشتمل ٹسٹ سیریز ہوگی۔ ٹسٹ سیریز کا پہلا میچ نومبر میں پرتھ میں کھیلا جائے گا۔ پانچواں اور آخری میچ 3 جنوری 2025 کو سڈنی میں کھیلا جائے گا۔