ایام حج کے دوران 11 حاجیوں کا انتقال، مکہ میں دو بچوں کی پیدائش، سعودی حکومت اور انڈین حج مشن کے بہتر انتظامات، 17 اگست سے حجاج کرام کی واپسی
حیدرآباد۔14 ۔ اگست (سیاست نیوز) سفیر ہند برائے سعودی عرب ڈاکٹر اوصاف سعید نے حج 2019 ء میں دو لاکھ ہندوستانی حجاج کرام کے اطمینان بخش طریقہ سے فریضہ حج کی تکمیل پر مسرت کا اظہار کیا ۔ مناسک حج کی تکمیل کے بعد ڈاکٹر اوصاف سعید نے حج کی تفصیلات میڈیا کیلئے جاری کی ۔ ڈاکٹر اوصاف سعید نے جاریہ سال اپنی اہلیہ اور فرزند کے ساتھ فریضہ حج کی تکمیل کی اور انتظامات کا بذاتِ خود جائزہ لیا۔ سیاست سے بات کرتے ہوئے سفیر ہند نے بتایا کہ کسی معمولی واقعہ کے بغیر ریکارڈ تعداد میں دو لاکھ ہندوستانی حجاج کرام کو فریضہ حج کی سعادت حاصل ہوئی جن میں حج کمیٹی آف انڈیا کے ایک لاکھ چالیس ہزار اور خانگی ٹور آپریٹرس کے 60 ہزار حجاج شامل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ منیٰ ، عرفات اور مزدلفہ میں حکومت سعودی عرب کی جانب سے بہتر انتظامات کئے گئے تھے۔ 55 ہندوستانی حجاج کرام کو ایمبولینسوں کے ذریعہ وقوف عرفات کے لئے لایا گیا ۔ 71846 حجاج کرام نے 10 ذی الحج کو قربانی دی اور اس کا ٹوکن پہلے ہی حاصل کرلیا تھا۔ ڈاکٹر اوصاف سعید کے مطابق حجاج کیلئے بہتر طبی سہولتوں کے علاوہ ضعیف العمر افراد پر خصوصی توجہ دی گئی۔ 45 حجاج کرام کی عمر 90 سے زائد تھی جن میں 101 سال کی محترمہ عطار بی بی شامل ہیں جنہوں نے مکمل صحت کے ساتھ فریضہ حج کی تکمیل کی۔ جاریہ سال منیٰ ، عرفات اور مزدلفہ میں 11 اموات واقع ہوئی ہیں جبکہ گزشتہ سال یہ تعداد 21 تھی ۔ حکومت ہند کی وزارت اقلیتی امور کی جانب سے دو میڈیکل کوآرڈینیٹرس ، 168 ڈاکٹرس بشمول 37 لیڈی ڈاکٹرس ، 35 اسپیشلسٹ اور 181 پیرا میڈیکل اسٹاف کو مامور کیا گیا تھا۔ ہندوستانی حکومت کی جانب سے 3.5 کروڑ مالیتی ادویات اور طبی آلات روانہ کئے گئے تھے۔ مکہ مکرمہ میں حجاج کرام کیلئے 40 بستروں کا ہاسپٹل اور 30 بستروں کا ہاسپٹل عزیزیہ میں قائم کیا گیا جبکہ گرین زمرہ کے علاقہ میں 10 بستروں پر مشتمل ہاسپٹل قائم کیا گیا ، اس کے علاوہ 16 برانچ ڈسپنسریز قائم کی گئیں۔ مدینہ منورہ میں 15 بستروں پر مشتمل ڈسپنسری قائم کی گئی۔ اس کے علاوہ تین برانچ ڈسپنسری کارکرد رہیں گی۔ صحت کی خرابی کی صورت میں حجاج کرام کی منتقلی کے لئے17 ایمبولنس گا ڑیوں کو ہمیشہ تیار رکھا گیا ہے ۔ ڈاکٹر اوصاف سعید نے بتایا کہ حج سیزن کے آغاز سے 12 اگست تک جملہ 52 حجاج کرام کا انتقال ہوا جن میں 44 حج کمیٹی آف انڈیا اور 8 خانگی ٹور آپریٹرس کے ہیں۔ جاریہ سال اموات کی تعداد میں کمی واقع ہوئی ہے۔ گزشتہ سال اسی مدت کے دوران 73 اموات واقع ہوئی تھی۔ حج 2018 ء میں جملہ 187 حجاج کرام کا انتقال ہوا تھا ۔ حج مشن کے ہاسپٹلس میں 893 حجاج کو شریک کیا گیا جبکہ سعودی ہاسپٹلس میں 365 حجاج کو شریک کیا گیا تھا ۔ 206923 آؤٹ پیشنٹ کیسس درج کئے گئے ۔ موبائیل ٹیموں نے 11682 افراد کا علاج کیا ۔ او پی ڈی اور موبائیل ویزٹ کی جملہ تعداد 218605 رہی ۔ جاریہ سال دو بچوں کی پیدائش ہوئی جبکہ گزشتہ سال یہ تعداد 10 تھی۔ ہندوستانی سفیر نے بتایا کہ وزارت اقلیتی امور نے 620 ایڈمنسٹریٹیو اینڈ میڈیکل آفیسرس کو ڈیپیوٹیشن پر روانہ کیا۔ ہندوستانی حجاج کرام کے قیام کے لئے مکہ مکرمہ میں 459 عمارتیں حاصل کی گئیں جو تمام سہولتوں سے آراستہ ہیں ۔ 2229 خاتون حجاج کرام جو محرم کے بغیر حج کے لئے آئی ہیں، ان کے لئے علحدہ انتظام کیا گیا۔ 16 خاتون عہدیدار اور 10 خاتون خادم الحجاج نے خواتین کی ضرورتوں کا خیال رکھا ۔ 74000 حجاج کرام کو میٹرو ٹرین کے ٹکٹ جاری کئے گئے تھے ۔ ڈاکٹر اوصاف سعید نے کہا کہ جاریہ سال مکہ مکرمہ کی رہائش کیلئے فی یونٹ 4500 ریال کرایہ مقرر کیا گیا۔ یہ رہائش حرم شریف سے 1000 میٹر کے فاصلہ پر ہے ۔ عزیزیہ زمرہ میں جو حرم سے تقریباً 8 کیلو میٹر کے فاصلہ پر ہے، فی یونٹ 2250 ریال کرایہ مقرر کیا گیا تھا جو گزشتہ سال کے مقابلہ 50 ریال کم ہے۔ ہندوستانی حجاج کرام کیلئے 459 عمارتیں اور 5 رباط کا انتظام کیا گیا ۔ مدینہ منورہ میں مرکزیہ علاقہ میں 60 فیصد اور اس کے بیرونی حصہ میں 40 فیصد حجاج کی رہائش کا انتظام ہے۔ مرکزیہ میں رہائشی کرایہ 800 ریال اور بیرونی حصہ میں 400 ریال ہے۔ رہائش کے حصول کے لئے مسابقت کے باوجود کونسلیٹ نے کرایہ میں کمی کو یقینی بنایا ہے۔ دونوں زمروں میں گزشتہ سال کے مقابلہ علی الترتیب 100 ریال کی کمی کی گئی ۔ گزشتہ سال کرایہ 900 اور مرکزیہ کے بیرونی حصہ میں 500 ریال تھا۔ ڈاکٹر اوصاف سعید کے مطابق ہندوستان کے 21 امبارگیشن پوائنٹ سے 507 شیڈول فلائیٹس جدہ اور مدینہ پہنچے، جن میں ایر انڈیا ، سعودی ایر لائینس اور اسپائس جیٹ شامل ہیں۔ ہندوستانی سفیر نے بتایا کہ جدہ سے حجاج کرام کی واپسی کا آغاز 17 اگست کو ہوگا۔ 150 حجاج کرام کا قافلہ پہلی فلائیٹ کے ذریعہ گیا روانہ ہوگا جبکہ آخری فلائیٹ 300 حجاج پر مشتمل کالی کٹ کو روانہ ہوگی۔ مدینہ منورہ سے حجاج کی واپسی 28 اگست کو شروع ہوگی۔ 300 حجاج کا پہلا قافلہ لکھنو روانہ ہوگا جبکہ 340 حجاج کی آخری پرواز 15 ستمبر کو حیدرآباد کیلئے روانہ ہوگی۔
