مہندر سنگھ دھونی صرف اپنے کھیل کی وجہ سے ہی نہیں ، بلکہ فوج سے اپنی محبت کی وجہ سے بھی دنیا بھر کے چاہنے والوں کے دلوں میں بستے ہیں ۔ جب دھونی کرکٹ نہیں کھیلتے ہیں تو وہ اپنی فوج کی خدمات میں تعینات رہتے ہیں ۔ اب سری لنکا کا ایک کرکٹر بھی کچھ ایسا ہی کرنے والا ہے ۔ ہم دنیش چنڈیمل کی بات کررہےہیں ، جو جلد ہی سری لنکا کی فوج جوائن کرنے والے ہیں ۔ سری لنکا کے بلے باز اور سابق کپتان دنیش چنڈیمل بطور کمیشن افسر فوج سے وابستہ ہوں گے ۔
سری لنکا فوج کے میجر جنرل سمت اٹاپٹو نے میڈیا کو اطلاع دی ہے کہ دنیش چنڈیمل نے وزیر دفاع میں آرمی کرکٹ ٹیم کیلئے کھیلنے کی عرضی دی تھی ، جس کو منظور کرلیا گیا ہے ۔ دنیش چنڈیمل سری لنکائی فوج میں بطور کمیشن افسر تعینات ہوں گے اور پھر وہ ان کی ٹیم سے بھی کھیل پائیں گے۔
حالانکہ میجر جنرل اٹاپٹو نے بتایا کہ اس سے پہلے انہیں انٹرینس ایگزام دینا ہوگا ۔ آپ کو بتا دیں کہ دنیش چنڈیمل سے پہلے سری لنکا کے کئی مشہور کرکٹر فوج میں شمولیت اختیار کرچکے ہیں ۔ ان میں اجنتا مینڈس ، سیکوگے پرسننا اور اسیلا گنارتنے بھی شامل ہیں۔
بتادیں کہ دنیش چنڈیمل ان 10 سری لنکائی کھلاڑیوں میں شامل ہیں جنہوں نے پاکستان کے دورہ پر جانے سے انکار کردیا تھا ۔ پاکستان میں سیکورٹی کی خراب صورتحال کے پیش نظر سری لنکا کے کئی بڑے کھلاڑی پاکستان نہیں گئے ہیں ، جس کی وجہ سے سری لنکا نے اپنے دوسرے درجہ کی ٹیم کو پاکستان کے دورہ پر بھیجا ہے ، جہاں وہ تین ون ڈے اور تین ٹی 20 میچ کھیلنے والی ہے ۔
انتیس سال کے دنیش چنڈیمل سری لنکا کیلئے 53 ٹیسٹ ، 146 ون ڈے اور 54 ٹی 20 انٹرنیشنل میچ کھیل چکے ہیں ۔ ان کے نام 15 سنچریاں ہیں اور وہ انٹرنیشنل کیریئر میں 8 ہزار سے زیادہ رن بنا چکے ہیں۔