ہندوستان کے ساتھ باہمی سیریز کے امکانات موجود

   

کراچی ۔30 جولائی (سیاست ڈاٹ کام ) ایم ڈی پی سی بی وسیم خان نے کہا ہے کہ ہندوستان کیخلاف باہمی سیریز کے دروازے بند نہیں ہوئے کیونکہ انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کا گیٹ وے پی ایس ایل اس حوالے سے معاون ثابت ہوتا رہے گا۔ وسیم خان نے کہا ہے کہ پی ایس ایل کے پانچویں ایڈیشن کے میچز لاہور،کراچی،ملتان اور راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے جن سے بیرونی کھلاڑیوں کا پاکستان پر اعتماد بحال ہوگا اور ملکی سیکیورٹی کے اعتبار سے ایک نیا منظر سامنے آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ کہ وہ 9 اگست کو ایم سی سی کے ورلڈکرکٹ کمیٹی اجلاس میں شرکت کیلئے انگلینڈ جاکر سیکیورٹی سے متعلق تفصیلات فراہم کریں گے کیونکہ ایم سی سی کی ٹیم کو پاکستان بھیجنے کی تجویز بھی زیرغور ہے جبکہ پی سی بی کا مقصد ٹسٹ چمپئن شپ،انڈر 19ورلڈکپ اورآسٹریلیا میں آئندہ برس ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ ہے جس کیلئے ٹیم کی تیاریاں جاری ہیں۔ وسیم خان نے تصدیق کی کہ آئندہ ماہ سری لنکا کا سیکیورٹی وفد بھی پاکستان آرہا ہے اور امید ہے کہ ستمبر میں سری لنکا کی ٹیم دو ٹسٹ میچوں کیلئے پاکستان کا دورہ کرے گی جبکہ ای سی بی اورکرکٹ آسٹریلیا کے عہدیداران بھی رواں برس پاکستان آئیں گے جن کو پاکستان میں سیکیورٹی صورتحال کے بارے میں تفصیلات دی جائے گی جبکہ ایم سی سی میں شامل سابق سری لنکائی کپتان کمارسنگا کارا بھی پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی کیلئے پی سی بی کی بھرپور حمایت کر رہے ہیں۔