ہندوستان کے ساتھ نشانات کی یکساں تقسیم ، پاکستان ناراض

   

دبئی ۔16 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے پوائنٹس تقسیم کرنے کے فیصلے پرپاکستان کرکٹ بورڈ حیران و پریشان ہے۔ ذرائع کے مطابق پی سی بی آئی سی سی کے پوائنٹس تقسیم کرنے کے فیصلے کا جائزہ لے رہا ہے جس کے بعد پی سی بی آئی سی سی کے فیصلے کے حوالے سے تفصیلی ردعمل جاری کرے گا۔ذرائع کے مطابق آئی سی سی نے پاکستان اور ہندوستان کی خاتون ٹیموں کو یکساں نشانات دینے کا فیصلہ سنایا تھا۔واضح رہے کہ آئی سی سی ویمن چمپئین شپ کے میچز میں ہندوستان کو پاکستان کی میزبانی کرنا تھی حکومتی اجازت نہ ملنے پر ہندوستانی بورڈ نے پاکستان کی میزبانی نہ کی جس پر پی سی بی کی جانب سے آئی سی سی سے رابطہ کرنے پر آئی سی سی نے دونوں ٹیموں کو یکساں نشانات دے دیئے تھے۔تین پوائنٹس ملنے پر ہندوستانی ویمن ٹیم ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کر گئی ہے جبکہ چھ پوائنٹس پورے ملنے پر پاکستان ٹیم کو کوالیفائنگ راونڈ نہ کھیلنا پڑتا۔یاد رہے کہ ہندوستان اور پاکستان میں سیاسی کیشدگی کی وجہ سے دونوں ممالک کی کسی بھی ٹیم کے درمیان مقابلے منعقد نہیں ہورہے ہیں صرف آئی سی سی کے ایونٹس میں دونو ںممالک کی ٹیمیں ایک دوسرے کے مدمقابل ہورہی ہیں۔