ہندوستان کے ساتھ کوئی خفیہ مذاکرات نہیں

   

دونوں ملکوں کے درمیان کشیدہ صورتحال ،سفارتی تعلقات کی بحالی کا امکان نہیں
اسلام آباد: وزیرخارجہ پاکستان شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہندوستان کے ساتھ کوئی خفیہ بات چیت نہیں ہورہی ہے۔ دونوں ملکوں کے درمیان موجودہ بگڑتی صورتحال کے تحت بات چیت کا امکان نہیں ہے۔ انہوں نے زور دیکر کہاکہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان پس پردہ یا سفارتی مذاکرات نہیں ہورہے ہیں۔ کشمیر میں ہندوستان کی جانب سے جب تک ظلم و زیادتیاں ختم نہیں کی جائیں گی، بات چیت کا سوال ہی نہیں پیدا ہوتا۔ اس وقت حکومت ہند کو چاہئے کہ وہ مذاکرات کیلئے حالات سازگار بنائے۔ شاہ محمود قریشی کا یہ بیان اس وقت سامنے آیا جب سرحد پر ہندوستان اور پاکستان کی سرحدی سیکوریٹی فورسیس کے درمیان بھاری گولہ باری ہورہی ہے۔ دونوں جانب درجنوں اموات ہوئی ہیں۔ پاکستان کی وزارت خارجہ نے ہندوستانی سفیر کو طلب کرکے جنگ بندی کی خلاف ورزی کرنے پر ہندوستان کی سرزنش کی۔ پاکستان کا کہنا ہیکہ ہندوستانی فوج نے حال ہی میں اقوام متحدہ کی گاڑی کو بھی نشانہ بنایا تھا جبکہ ہندوستان نے سرحد سے متصل علاقوں میں رہنے والے شہریوں کو بھی نشانہ بنایا ہے جس سے کئی شہریوں کی زندگی ضائع ہوئی ہے۔ ٹٹا پنی اور جن روڈ سیکٹرس میں ہندوستانی فوج بلااشتعال انگیز جنگ بندی کی خلاف ورزیاں کررہی ہیں۔ اس علاقہ میں فائرنگ سے ایک 50 سالہ خاتون اور دیگر کئی شہری ہلاک ہوئے ہیں۔