ماسکو: ہندوستان میں جاری عام انتخابات کے دوران روس نے ایک سنسنی خیز دعویٰ کیا کہ امریکہ لوک سبھا انتخابات میں خلل ڈالنے کی کوشش کر رہا ہے۔ میڈیا کے مطابق امریکہ ہندوستان کی سیاسی صورت حال کو خراب کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریہ زخارووا نے کہا کہ امریکہ دراصل ہندوستان کی سیاسی صورت حال کا توازن بگاڑنا چاہتا ہے۔ یہ بیان ہندوستان میں مذہبی آزادی کے حوالے سے امریکہ کی رپورٹ کے تناظر میں دیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ امریکہ‘ ہندوستان کی مذہبی آزادی کے حوالے سے مسلسل بے بنیاد الزامات لگا رہا ہے۔ اس کے ذریعے وہ ہندوستان کے اندرونی سیاسی منظر نامے کو درہم برہم کرتے ہوئے عام انتخابات کو مزید پیچیدہ کرنا چاہتا ہے۔
اور یہ ہندوستان کی توہین ہے۔روسی ترجمان ماریہ زخارووا نے گروپونت سنگھ پنو کے قتل کی کوشش کا بھی ذکر کیا ہے اور کہا ہے کہ ہماری معلومات کے مطابق واشنگنٹن نے ابھی تک پنو نامی شخص کے قتل کی سازش میں ہندوستانی شہریوں کے ملوث ہونے کی کوئی قابل اعتماد معلومات یا ثبوت پیش نہیں کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کی سرگرمیاں واضح طور پر ہندوستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت کی عکاسی کرتی ہیں جو کہ ہندوستان کی خود مختاری اور سالمیت کا مذاق اڑانے کے مترادف ہے۔