ریاض : (کے این واصف) ہندوستان کے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل منوج مکند نروانے نے سعودی عرب کا دو روزہ تاریخی دورہ مکمل کیا۔ وہ متحدہ عرب امارات کے دورہ سے 13 ستمبر کو یہاں پہنچے تھے۔ جنرل نروانے کی آمد پر بری افواج کے ہیڈکوارٹرس ریاض میں ان کے استقبالیہ تقریب کا اہتمام کیا گیا تھا جہاں انہیں رائل فورس نے گارڈ آف آنر بھی پیش کیا۔ جنرل کمانڈر آف رائل فورسس مملکت سعودی عرب فہدالمطیری نے ان کا استقبال کیا۔ سفارتخانہ ہند ریاض کی پریس نوٹ کے مطابق دونوں ممالک کے فوجی سربراہان کے مابین دفاعی معاملات میں تعاون پر ثمرآور گفتگو ہوئی۔ جنرل نروانے نے سعودی رائل فورسیس کے دیگر اعلیٰ عہدیداروں سے بھی ملاقاتیں کی اور ان سے تبادلہ خیال بھی کیا۔ جنرل منوج نے سعودی عرب کے مختلف دفاعی اداروں کا بھی دورہ کیا اور زیرتربیت افسران سے خطاب بھی کیا۔ نروانے کے اس دورہ میں ان کی شریک حیات مسز وینا نروانے بھی ان کے ہمراہ تھیں۔ وہ آرمی wives ویلفیر اسوسی ایشن کی صدر بھی ہیں۔ مسز وینا نے یہاں ٹاٹا کنسلٹنسی سرویسیز کا دورہ کیا اور ادارہ کے اعلیٰ عہدیداروں سے تبادلہ خیال کیا۔ دو روزہ دورہ میں انہوں نے پرنسیس نورہ یونیورسٹی برائے خواتین اور وپرو وویمن بزنسیس پارک کا بھی دورہ کیا اور ذمہ داران سے باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو کی۔