ہندوستان کے مشن چندریان۔2 کو جھٹکہ‘ رابطہ منقطع

,

   

لینڈنگ سے قبل ’وکرم ‘کا زمین سے مواصلاتی رابطہ ٹوٹ گیا ۔ ’ایک نیا سویرا ہوگا‘، سائنسدانوں کو کووند ، مودی ، سونیا گاندھی کی حوصلہ افز ائی

بنگلورو ۔ 7 ۔ ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) چاند کی سطح پر بآسانی لینڈنگ کرنے والا دنیا کا چوتھا ملک بننے کیلئے ہندوستان کی کافی جراتمندانہ کوشش کو ہفتہ کی اولین ساعتوں میں جھٹکہ لگا جب چندریان۔2 کے لینڈنگ ماڈیول کا چاند کی سطح سے صرف 2.1 کیلو میٹر کی دوری پر رابطہ اچانک منقطع ہوگیا۔ اس وقت یہ مشن اپنی منزل مقصود سے چند سکنڈ دور رہ گیا تھا۔ ہندوستانی خلائی تحقیقی ادارہ (اِسرو) کے کئی سائنسداں ’وکرم‘ لینڈرکے راستہ سے ہٹنے کے بعد دوبارہ سفر بحال کرنے کی کوششوں کے ضمن میں بنگلورو پہنچ گئے تھے تاکہ وہ چاند کے قطب جنوبی تک بآسانی پہنچ سکے۔ سائنس دانوں کو دلاسہ دینے اور حوصلہ افزائی کی کوششوں میں وزیراعظم نریندر مودی نے ساری قوم کی قیادت کی اور کہا کہ انہیں (سائنسدانوں کو) دل شکستہ نہیں ہونا چاہئے۔ 978 کروڑ روپئے کے مصارف سے چندریان ۔2 مشن ایک دہائی قبل شروع کیا گیا تھا جس کے ایک حصہ کے طور پر ہندوستان چاند کے قطب جنوبی پر رسائی حاصل کرنے والا پہلا ملک بھی بن سکتا تھا ۔ مودی نے ہفتہ کی صبح اسرو مشن کنٹرول سنٹر (ایم سی سی) کامپلکس کے سائنسدانوں سے 6 گھنٹوں کے دوران دوسری مرتبہ اپنے خطاب میں تسلی بخش الفاظ میں کہا کہ ’ایک نیا سویرا اور ایک بہتر کل‘ آنے والا ہے۔

نیز ملک کے خلائی پروگرام میں بہترین کارنامہ ہنوز انجام نہیں پایا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ملک اپنے سائنسدانوں پر فخر کرتا ہے اور اس گھڑی میں ان کے ساتھ کھڑا ہے۔ قبل ازیں چندریان ۔2 مشن میں اچانک غیر متوقع رکاوٹ پیدا ہوجانے پر ساری فضاء مغموم ہوچکی تھی اور اسرو کے صدرنشین کے سیون نے وزیراعظم کی موجو دگی میں خاموشی توڑتے ہوئے غم زدہ و افسردہ لہجہ میں اعلان کیا کہ ’’وکرم ‘‘ رابطہ کھوچکا ہے ۔ سیون نے گلوگیر لہجہ میں کہا کہ ’’وکرم‘‘ لینڈر منصوبہ کے مطابق اتر رہا تھا اور اس کی کارکردگی حسب معمول تھی اور وہ چاند کی سطح سے 2.1 کیلو میٹر قریب پہنچنے تک بھی بہترین انداز میں کام کر رہا تھا کہ اچانک زمینی اسٹیشنوں سے اس کا مواصلاتی رابطہ منقطع ہوگیا۔ مشن چندریان ۔ 2 کو کی پیشرفت رک جانے پر مغموم سائنسدانوں کو دلاسہ اور حوصلہ دینے میں وزیراعظم مودی کے علاوہ صدر جمہوریہ رامناتھ کووند، نائب صدر وینکیا نائیڈو ، مرکزی وزیر داخلہ و صدر بی جے پی امیت شاہ ، وزیر دفاع راجناتھ سنگھ ، کانگریس کی صدر سونیا گاندھی اور ان کی پارٹی کے سابق صدر راہول گاندھی اور دیگر کئی قائدین شامل ہوئے اور کہا کہ اس گھڑی میں وہ سائنسدانوں کے ساتھ ہیں اور امید ظاہر کی کہ مستقبل میں اس مشن کو غیر معمولی طور پر بہترین کامیابی حاصل ہوگی۔

حکومت جشن کے بجائے معیشت پر توجہ دے:پرینکا
دریں اثناء کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے کہاکہ اپنی دوسری مدت کار کے سو دن مکمل ہونے پر جشن منانے کی تیاری کررہی بی جے پی حکومت کو اقتصادی حقیقت پر پردہ ڈالنے کی بجائے معیشت پر اعتماد بنانے کیلئے کام کرنا چاہئے ۔ پرینکا نے ہفتہ کوٹوئٹ کیا کہ بی جے پی حکومت سو دن کا جشن منانے جارہی ہے لیکن آٹوسیکٹر، ٹرانسپورٹ سیکٹر، مائننگ سیکٹر کو تو یہ جشن بربادی کے جشن جیسا لگے گا۔ ہر سیکٹر سے ایک کے بعد ایک پلانٹ بند ہونے اور ملازمتیں جانے کی خبر آرہی ہے۔ یہ وقت جشن منانے کی بجائے معیشت میں اعتماد بحال کرنے کا ہے ۔ کیا حکومت کے پاس یہ حقیقت تسلیم کرنے کی ہمت ہے۔اس کے ساتھ ہی انہوں نے ایک نیوز چینل کی خبر کا ویڈیو بھی پوسٹ کیا جس میں کہا جارہا ہے کہ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق جی ڈی پی کی شرح مسلسل کم ہورہی ہے ۔ ملک سب سے بڑے اقتصادی بحران میں مبتلا ہے۔