دبئی : پاکستان میں 19 فروری کو شروع ہونے والی چمپئنز ٹرافی ہائبرڈ ماڈل پرکھیلی جائے گی۔ اس ٹورنمنٹ میں ٹیم انڈیا اپنے تمام میچ دبئی میں کھیلے گی۔ سب کو انتظار ہے چمپیئنز ٹرافی کا جہاں ہندوستان اور پاکستانی ٹیموں کے درمیان مقابلہ بھی دیکھنے کو ملے گا۔ جو صرف ایشیا کپ یا آئی سی سی ایونٹس میں ایک دوسرے سے ٹکراتے ہیں۔ ٹیم انڈیا کے میچوں کے لیے آئی سی سی نے 3 فروری کوگروپ میچوں کے ٹکٹوں کی فروخت شروع کر دی تھی لیکن تھوڑی ہی دیر میں تمام ٹکٹ فروحت ہوگئے لہذا اب انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے بڑا فیصلہ کیا ہے۔ ٹیم انڈیا کو گروپ مرحلے میں اپنے تینوں میچ دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلنے ہیں۔ اس دوران اس کا مقابلہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں سے بھی ہوگا۔ اس کے ساتھ ہی اگر ہندوستانی ٹیم سیمی فائنل اور فائنل میں اپنی جگہ پکی کر لیتی ہے تو یہ میچ بھی دبئی میں کھیلے جائیں گے۔ لیکن فروری کے اوائل میں، شائقین نے تمام ٹکٹس آن لائن اور براہ راست ٹکٹوں کی وصولی کے مراکز سے مختصر وقت میں خرید لیے اور بہت سے شائقین خالی ہاتھ رہ گئے۔ آئی سی سی نے ٹیم انڈیا کے میچوں کے لیے اضافی ٹکٹ فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ٹیم انڈیا 20 فروری سے اس ٹورنمنٹ میں اپنی مہم شروع کرے گی۔ گروپ مرحلے کے پہلے میچ میں اس کا مقابلہ بنگلہ دیش کی ٹیم سے ہوگا۔ اس کے بعد ٹورنمنٹ کا سب سے بڑا مقابلہ یعنی ہند ۔ پاک میچ کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان یہ میچ 23 فروری کوکھیلا جائے گا۔ اس کے بعد ٹیم انڈیا اپنا آخری گروپ مرحلے کا میچ 2 مارچ کو نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے گی۔ اگر ٹیم انڈیا سیمی فائنل کے لیے رسائی حاصل کر لیتی ہے تو یہ میچ 4 مارچ کو دبئی میں اور فائنل میچ 9 مارچ کو کھیلا جائے گا۔