ہندوستان کے نئے ٹسٹ کپتان کا ہفتہ کو اعلان متوقع

   

نئی دہلی ۔12 مئی ( ایجنسیز) : روہت شرما کے ٹسٹ سے سبکدوشی کے بعد ٹیم انڈیا کے سامنے سب سے بڑا سوال نئے کپتان کے اعلان کا ہے ۔ اب اس کے اعلان کی تاریخ سامنے آئی ہے۔ نئے ٹسٹ کپتان کے نام پر چھائے تجسس کے بادل اب چھٹنے والے ہیں۔ گوتم گمبھیر اور اجیت اگرکر مشترکہ طور پر نئے ٹسٹ کپتان کے نام کا اعلان کریں گے۔ ٹیم انڈیا کے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر میڈیا سے خطاب کریں گے اور نئے کپتان سے متعلق سوالات کے جواب دیں گے۔ نئے ٹسٹ کپتان کے نام کا اعلان اس روزکیا جائے گا۔اب سوال یہ ہے کہ ہندوستان کے نئے ٹسٹ کپتان کے اعلان کی تاریخ کیا ہے؟ تو وہ تاریخ 24 مئی ہے اور وہ دن ہفتہ ہوگا، جب ہندوستان کے نئے ٹسٹ کپتان کا نام سامنے آئے گا۔ اب تک جن کھلاڑیوں کے نام کپتان بنائے جانے کے حوالے سے زیر بحث ہیں ان میں شبمن گل کا نام سرفہرست ہے۔ ان کے علاوہ رشبھ پنت اور جسپریت بمراہ کے ناموں پر بھی غورکیا جا رہا ہے۔ نئے ٹسٹ کپتان کے بارے میں کرکٹ کی دنیا کے ہر ماہر کی اپنی رائے ہے۔ کچھ شبمن گل کی وکالت کر رہے ہیں جبکہ کچھ بمراہ کے بارے میں اپنے ارادوں کا اظہار کر رہے ہیں۔ ساتھ ہی کچھ لوگوں کا کہنا ہے کہ جب ٹسٹ کرکٹ کی بات آتی ہے تو رشبھ پنت کو موقع دیا جانا چاہیے۔ خیر اب وقت آگیا ہے کہ ایسی قیاس آرائیوں کو ختم کیا جائے۔ تاریخ کا فیصلہ ہوگیا ہے جس پر پورا ہندوستان نئے ٹسٹ کپتان کا نام جان لے گا۔ہندوستان کی نئی ورلڈ ٹسٹ چمپئن شپ سائیکل کا آغاز20 جون کو شروع ہونے والے دورہ انگلینڈ سے ہوگا۔ ہندوستان کو انگلینڈ کے دورے پر 5 ٹسٹ میچوں کی سیریزکھیلنی ہے۔