ہندوستان کے پاس ورلڈ کپ جیتنے کا سنہری موقع:شاستری

   

ممبئی ۔ ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کوچ روی شاستری نے کہا ہے کہ اگر اب نہیں جیتے تو اگلے تین ورلڈ کپ تک انتظار کرنا پڑے گا۔ ایک پوڈ کاسٹ کے دوران روی شاستری نے کہا ہے کہ موجودہ ٹیم کے اسکواڈ کے زیادہ ترکھلاڑی اپنے عروج پر ہیں۔ روی شاستری کے بموجب یہ ملک پاگل ہوچکا ہے، آخری مرتبہ ٹیم نے 12 سال قبل ورلڈکپ جیتا تھا اب ان کے پاس ایک مرتبہ پھر ایسا کرنے کا موقع ہے۔ اپنی بات جاری رکھتے ہوئے سابق کوچ اور موجودہ کمنٹیٹر نے کہا ہے کہ جس طرح ٹیم کھیل رہی ہے اس کے مطابق یہ ممکنہ طور پر ٹیم کے پاس آئی سی سی خطابجیتنے کا سنہری موقع ہے۔انہوں نے خبردارکیا کہ اگر اس مرتبہ ٹیم جیتنے میں کامیاب نہ ہوئی تو انہیں ممکنہ طور پر آئندہ تین ورلڈ کپ تک صرف یہ سوچنے کا انتظار کرنا پڑے گا کہ یہ ورلڈ کپ جیتیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جو 7 سے 8 کھلاڑی عروج پر ہیں ان کا یہ آخری ورلڈ کپ ہوسکتا ہے۔ یاد رہے کہ رواں ورلڈ کپ میں ہندوستانی ٹیم کی کارکردگی انتہائی شاندار ہے اور اس نے گروپ مرحلے کے تمام نو مقابلوں میں فتوحات حاصل کی ہیں اور چہارشنبہ کو وہ سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ کا مقابلہ کرے گی۔