ہندوستان کے کل جماعتی وفد کی متحدہ عرب امارات کی اعلیٰ قیادت سے ملاقات

,

   

ابوظہبی22مئی (یو این آئی) شیوسینا کے رکن پارلیمنٹ ڈاکٹر شریکانت ایکناتھ شندے کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطحی آل پارٹی وفد نے آج متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی اعلیٰ قیادت اور میڈیا کے نمائندوں سے ملاقات کی اور انہیں پہلگام دہشت گردانہ حملے اور آپریشن سندور کے بارے میں آگاہ کیا اور دہشت گردی کے خلاف ہندوستان کے مضبوط موقف کی تصدیق کی۔ ہندوستانی سفارت خانے نے کہا کہ متحدہ عرب امارات چار ممالک کیلئے ایک جامع سفارتی مشن کا پہلا مرحلہ ہے ۔ متحدہ عرب امارات پہلے ممالک میں سے ایک تھا جس نے پہلگام دہشت گردانہ حملے کی واضح طور پر مذمت کرتے ہوئے بیان جاری کیا تھا۔ متحدہ عرب امارات کے رہنماؤں، صدر شیخ محمد بن زاید النہیان اور نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید النہیان نے ذاتی طور پر وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر کو فون کرکے تعزیت کا اظہار کیا۔وفد میں بانسوری سوراج، ای ٹی محمد بشیر، اتل گرگ، سسمت پاترا، منن کمار مشرا، سریندرجیت سنگھ اہلووالیہ اور سابق سفیر سوجن چنائے شامل ہیں ۔اس سے پہلے آج، وفد نے رواداری اور بقائے باہمی کے وزیر شیخ نہیان مبارک النہیان سے ملاقات کی۔ وفد نے سرحد پار دہشت گردی اور ہندوستان میں سماجی دشمنی پیدا کرنے کی پاکستان کی کوششوں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے ریمارکس دیئے کہ ہندوستان اور متحدہ عرب امارات مل کر دہشت گردی کا مقابلہ کریں گے ۔ متحدہ عرب امارات ہمیشہ ہندوستان کے ساتھ کھڑا رہے گا۔وفد نے وفاقی قومی کونسل کی دفاع، داخلہ اور خارجہ امور کی کمیٹی کے چیئرمین ڈاکٹر علی راشد النعیمی اور دیگر سینئر اماراتی پارلیمنٹیرینز کے ساتھ اہم بات چیت کی۔ وفد نے 22 اپریل کو کشمیر میں سیاحوں پر ہونے والے وحشیانہ دہشت گردانہ حملے کے خلاف آپریشن سندور کی غیر اشتعال انگیز نوعیت پر زور دیا۔