ہندوستان کے 11 لاکھ 33 ہزار 749 طلبہ بیرون ملک زیر تعلیم

   

حکومت ہند اور دیگر کئی اداروں کا بیرون ملک طلبہ کی تعداد پر توجہ
حیدرآباد۔3مارچ(سیاست نیوز) دنیا بھر میں ہندستان سے تعلق رکھنے والے 11 لاکھ 33ہزار749 طلبہ مختلف ممالک میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ روس ۔ یوکرین جنگ اور ہندستانی طلبہ کے یوکرین میں پھنسے رہنے کے بعد حکومت ہند کے علاوہ کئی اداروںنے بیرون ملک تعلیم حاصل کر رہے طلبہ کی تعداد پر توجہ دینے کا سلسلہ شروع کیا جس پر جو تفصیلات سامنے آئی ہیں وہ انتہائی حیرت انگیز ہیں کیونکہ ایک ملین سے زائد طلبہ اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لئے بیرون ملک قیام کئے ہوئے ہیں ان میں امریکہ ‘ چین ‘ کینیڈا ‘ آسٹریلیاء ‘ فلپائن ‘ کے علاوہ روس اور دیگر ممالک شامل ہیں۔ کینیڈا میں سب سے زیادہ ہندستانی طلبہ مختلف جامعات میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔جن کی تعداد 2لاکھ 15ہزار 720 ہے جبکہ 2لاکھ 11ہزار930 ہندستانی طلبہ امریکہ کی مختلف ریاستو ںمیں موجود جامعات میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ خلیجی ممالک میں سعودی عرب دوسرا ایسا ملک ہے جہاںسب سے زیادہ ہندستانی طلبہ تعلیم حاصل کر رہے ہیں جن کی تعداد 80ہزار800 ہے ۔خلیجی ممالک میں پہلے نمبر پر متحدہ عرب امارات ہے جہاں 2لاکھ 19ہزار ہندستانی طلبہ تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔حکومت ہندکی جانب سے جولائی 2021کو ایوان پارلیمنٹ میں دیئے گئے بیان کے مطابق یہ اعداد و شمار ہیں جبکہ کورونا وائرس کی تیسری لہر کے خاتمہ کے بعد بڑی تعداد میں طلبہ نے مختلف ممالک کو روانہ ہونا شروع کردیاہے۔پڑوسی ملک چین میں 23ہزار ہندستانی طلبہ تعلیم حاصل کر رہے ہیں جبکہ آسٹریلیاء میں تعلیم حاصل کرنے والے ہندستانی طلبہ کی تعداد 92ہزار383 تک پہنچ چکی ہے اور اب بھی طلبہ کی روانگی کا سلسلہ جاری ہے۔روس میں 16ہزار 500 ہندستانی طلبہ زیر تعلیم ہیں جبکہ کرغستان‘ قازقستان‘ ازبکستان ‘ جارجیا‘ فن لینڈ ‘ پولینڈ ‘ جرمنی سویڈن ‘ نیدرلینڈاور فرانس میں بھی ہندستانی طلبہ کی قابل لحاظ تعداد موجود ہے جو تعلیم حاصل کر رہی ہے۔ حکومت ہند کی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری کئے جانے والے اعداد وشمار کے مطابق پاکستان میں 250‘ ترکی میں 48‘ ایران میں 1700 ‘ سوڈان میں 10ہندستانی طلبہ زیر تعلیم ہیں۔ جاپان میں تعلیم حاصل کرنے والے ہندستانی طلبہ کی تعداد 1694 ہے جبکہ سرکاری اعداد وشمار کے مطابق یوکرین میں18ہزار ہندستانی طلبہ تعلیم حاصل کر رہے تھے۔ برطانیہ میں تعلیم حاصل کرنے والے ہندستانی طلبہ کی تعداد 44ہزار 465 تک پہنچ چکی ہے ۔بنگلہ دیش ‘ نیپال ‘ سنگاپور کے علاوہ ملیشیاء میں بھی ہندستانی طلبہ کی قابل لحاظ تعداد اعلیٰ تعلیم حاصل کر رہی ہے اور نیوزی لینڈ میں تعلیم حاصل کرنے والے ہندستانی طلبہ کی تعداد 30ہزار سے تجاوز کرچکی ہے۔م